یو اے ای: ہندوستانی تاجر دھیر ج جین نے مسافروں کے لیے کھول دیا فارم ہاوس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2026
یو اے ای: ہندوستانی تاجر دھیرج جین نے مسافروں کے لیے کھول دیا فارم ہاوس
یو اے ای: ہندوستانی تاجر دھیرج جین نے مسافروں کے لیے کھول دیا فارم ہاوس

 



عامر اقبال / نیو دہلی 

مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باعث جب پروازیں متاثر ہوئیں تو کئی مسافر متحدہ عرب امارات میں پھنس گئے۔ ایسے مشکل وقت میں عجمان میں ایک بھارتی تاجر نے انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے نجی فارم کے دروازے تقریباً 200 مسافروں کے لیے کھول دیے۔

مغربی ایشیا میں جاری تنازعے کے اثرات اب فضاؤں تک پہنچ چکے ہیں۔ کئی ممالک کے اوپر سے گزرنے والے فضائی راستوں میں رکاوٹ آنے سے پروازوں کے نظام میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔ کچھ پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ کچھ کو مؤخر کر دیا گیا۔ اس صورتحال میں سینکڑوں مسافر اچانک ایسے حالات میں پھنس گئے جہاں انہیں یہ بھی سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ رات کہاں گزاریں۔

اسی مشکل گھڑی میں عجمان سے ایک ایسی کہانی سامنے آئی جس نے اجنبی لوگوں کے درمیان بھی انسانیت پر اعتماد کو دوبارہ زندہ کر دیا۔متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی تاجر دھیرج جین نے اپنے نجی فارم کے دروازے ان مسافروں کے لیے کھول دیے جو پروازیں منسوخ ہونے کے باعث رہنے کی جگہ تلاش نہیں کر پا رہے تھے۔ آہستہ آہستہ یہ فارم تقریباً 200 مسافروں کے لیے عارضی پناہ گاہ بن گیا۔

ہمیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ اب کیا کریں

اس فارم میں قیام کرنے والوں میں ممبئی کی رہنے والی ممتا جین بھی شامل ہیں۔ وہ 25 فروری کو دبئی پہنچی تھیں اور یکم مارچ کو واپس جانے والی تھیں لیکن ان کی پرواز اچانک منسوخ ہو گئی۔ اس کے بعد ان کے سامنے سب سے بڑی پریشانی رہائش کی تھی۔وہ بتاتی ہیں کہ ہم مسلسل ہوٹل تلاش کر رہے تھے لیکن یا تو کمرے خالی نہیں تھے یا کرایہ اتنا زیادہ تھا کہ وہاں ٹھہرنا ممکن نہیں تھا۔ سچ یہ ہے کہ اس وقت ہمیں بالکل سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ اب کیاکریں۔

ایک خبر ملی اور ٹھکانہ مل گیا

اسی دوران ممتا جین کو معلوم ہوا کہ عجمان میں ایک فارم پرپھنسے ہوئے مسافروں کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے وہاں جانے کا فیصلہ کیا اور جب وہاں پہنچیں تو ایسا محسوس ہوا جیسے کسی نے مشکل وقت میں ان کا ہاتھ تھام لیا ہو۔جیسے جیسے مسافروں کی تعداد بڑھتی گئی فارم کو تیزی سے رہنے کے قابل بنایا گیا۔ اندر موجود بڑے ہال کے ساتھ ساتھ کھلی جگہ میں عارضی خیمے لگائے گئے۔ گدے بچھائے گئے کمبل رکھے گئے اور کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا۔سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں قیام کرنے والے مسافروں سے اس کے لیے کوئی رقم نہیں لی جا رہی۔ کچھ مسافروں کو وہاں تک پہنچانے کے لیے گاڑیوں کا بھی انتظام کیا گیا جبکہ کئی لوگ خود ہی معلومات ملنے کے بعد وہاں پہنچ گئے۔

خواتین کے لیے الگ انتظام

ممتا جین بتاتی ہیں کہ وہاں خواتین کے لیے علیحدہ رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے جہاں لوگ اپنی ضرورت یا مسئلہ بیان کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بنیادی طبی معائنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ جب ہم یہاں پہنچے تو واقعی بہت سکون محسوس ہوا۔ پہلے ہم بہت پریشان تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔جب اس اقدام کے بارے میں دھیرج جین سے پوچھا گیا تو انہوں نے اسے کوئی بڑی بات نہیں قرار دیا۔ انہوں نے صرف اتنا کہا کہ لوگوں کو رہنے کے لیے جگہ چاہیے تھی اور ہمارے پاس جگہ تھی اس لیے ہم نے اسے کھول دیا۔

مغربی ایشیا کی کشیدہ صورتحال کے درمیان جہاں بہت سے لوگ غیر یقینی حالات میں پھنسے ہوئے ہیں وہیں عجمان کا یہ فارم ان مسافروں کے لیے صرف ایک پناہ گاہ نہیں بلکہ راحت اور امید کی علامت بن گیا ہے۔بعض اوقات مشکل وقت میں ایسے چھوٹے فیصلے ہی انسانیت کی روشنی کو سب سے زیادہ نمایاں کر دیتے ہیں۔