دبئی: متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ جنوری دو ہزار چھبیس سے ملک کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی۔ نئے سال کے پہلے جمعے سے پورے ملک میں خطبہ اور نماز جمعہ کا آغاز بارہ بج کر پینتالیس منٹ پر ہوگا۔
یہ فیصلہ جنرل اتھارٹی برائے اسلامی امور اوقاف اور زکوٰۃ کی جانب سے کیا گیا ہے تاکہ نمازوں کے اوقات میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے اور ملک بھر کے نمازی ایک ہی شیڈول کے مطابق جمعے کی نماز ادا کر سکیں۔
حکام نے نمازیوں کو تلقین کی ہے کہ خطبے کے آغاز سے پہلے مسجد میں پہنچنے کی کوشش کریں تاکہ وہ مکمل طور پر جمعے کی عبادت میں شریک ہو سکیں۔ یہ نیا نظام انتظامی سہولت اور بہتر نظم و ضبط کے لئے نافذ کیا جا رہا ہے جس سے مساجد کی سرگرمیوں میں مزید ترتیب اور آسانی پیدا ہو گی۔