ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ یکم مئی سے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک سے الگ ہو جائے گا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ اعلان سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے ذریعے جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ملک کے طویل المدتی تزویراتی اور معاشی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان کے مطابق بدلتے ہوئے عالمی توانائی کے منظرنامے کے پیش نظر امارات اپنی توانائی پیداوار میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہا ہے اور عالمی منڈی میں ایک ذمہ دار اور قابل اعتماد کردار ادا کرنے کے عزم کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 1967 میں ابوظبی کے ذریعے اوپیک کی رکنیت حاصل کی تھی اور 1971 میں ملک کے قیام کے بعد بھی اس تنظیم کا سرگرم حصہ رہا۔
وام کے مطابق یہ اقدام پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے جس سے امارات کو عالمی مارکیٹ کی بدلتی صورتحال کے مطابق زیادہ مؤثر اور لچکدار انداز میں فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امارات تیل اور گیس کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی اور کم کاربن منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری جاری رکھے گا تاکہ طویل المدتی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
متحدہ عرب امارات نے اوپیک اور اوپیک پلس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عالمی توانائی مارکیٹ کے استحکام کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔