ایرانی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملے: سعودی عرب نے کی سخت مذمت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2025
ایرانی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملے: سعودی عرب نے کی سخت مذمت
ایرانی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملے: سعودی عرب نے کی سخت مذمت

 



جدہ: سعودی عرب نے اتوار کے روز ایران کی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملوں کے حوالے سے اپنے 13 جون کے بیان کا اعادہ کیا ہے، جس میں اس نے ایرانی خودمختاری کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو مسترد کیا تھا۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’مملکت سعودی عرب کو اسلامی جمہوریہ ایران کی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’مملکت اپنے 13 جون 2025 کے اس بیان کی توثیق کرتی ہے جس میں ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ مملکت خطے میں کشیدگی کم کرنے، تحمل اختیار کرنے اور مزید بگاڑ سے گریز پر زور دیتی ہے۔‘‘

بیان کے مطابق، ’’مملکت عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس نازک مرحلے پر سیاسی حل کی کوششوں کو تیز کرے تاکہ اس بحران کا خاتمہ ممکن ہو اور خطے میں سلامتی اور استحکام بحال کیا جا سکے۔‘‘

اسی حوالے سے سعودی عرب کے نیوکلیائی ریگولیٹری کمیشن نے اتوار کو کہا ہے کہ ایران کی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد خطے میں تابکاری کے اثرات نہیں پائے گئے۔

سعودی کمیشن نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ’’ایران کی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کے ماحول میں تابکاری کی کوئی غیر معمولی سطح ریکارڈ نہیں کی گئی۔‘‘کویت کے نیشنل گارڈز نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’کویت کی سمندری اور فضائی حدود میں تابکاری کی سطح معمول کے مطابق اور مستحکم ہے۔‘‘

دوسری جانب بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) نے اتوار کو کہا ہے کہ ایرانی نیوکلیائی تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں کے بعد بیرونی سطح پر تابکاری میں کسی قسم کا اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔آئی اے ای اے نے امریکی حملوں کے بعد ایکس پر جاری اپنے پیغام میں یہ اطلاع دی۔