ریاض: ترکی اس وقت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ہونے والے ایک مضبوط دفاعی معاہدے میں شمولیت کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ یہ معاہدہ نیٹو کے آرٹیکل 5 کی طرز پر ہے، جس کے تحت اگر کسی ایک رکن ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
اسی وجہ سے کئی ماہرین اس معاہدے کو ’’اسلامی نیٹو‘‘ یا ’’مسلم نیٹو‘‘ کا نام دے رہے ہیں۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ معاہدہ سب سے پہلے ستمبر 2025 میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طے پایا تھا، جسے اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ کہا جاتا ہے۔ اب ترکی اس میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے اور مذاکرات کافی حد تک آگے بڑھ چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق معاہدہ طے پانے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ سعودی عرب اس اتحاد کو بھاری مالی معاونت فراہم کرے گا۔ تیل سے حاصل ہونے والی بڑی آمدنی اس دفاعی اتحاد کو چلانے میں مددگار ثابت ہوگی۔: پاکستان اس اتحاد کو جوہری ہتھیار، بیلسٹک میزائل اور ایک بڑی تربیت یافتہ فوج فراہم کرے گا۔ پاکستان دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جس کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ ترکی اپنی مضبوط عسکری تجربہ کاری، مقامی دفاعی صنعت اور جدید ہتھیار فراہم کرے گا۔
ترکی نیٹو کا رکن ہے اور امریکا کے بعد نیٹو کی دوسری سب سے بڑی فوج رکھتا ہے۔ ترکی پاکستان کے لیے کارویٹ جنگی جہاز تیار کر رہا ہے، ایف-16 لڑاکا طیاروں کو اپ گریڈ کر رہا ہے، ڈرون ٹیکنالوجی شیئر کر رہا ہے اور کان (KAAN) ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ پروگرام میں شمولیت پر بھی بات ہو رہی ہے۔
انقرہ میں قائم تھنک ٹینک TEPAV کے اسٹریٹجسٹ نہات علی اوزکان کے مطابق، امریکا اب زیادہ تر اپنے اور اسرائیل کے مفادات پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، اسی لیے یہ ممالک نئے دوست اور دشمن متعین کرنے کے لیے نیا طریقہ اختیار کر رہے ہیں۔ تینوں ممالک کے مفادات جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے کچھ حصوں میں آپس میں ملتے ہیں۔ تینوں ممالک ایران (شیعہ اکثریتی ملک) کے حوالے سے فکرمند ہیں، تاہم وہ ایران سے جنگ کے بجائے بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ شام میں ایک مستحکم سنی حکومت اور فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔ اسی ہفتے انقرہ میں تینوں ممالک کی پہلی بحریہ میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی تصدیق ترکی کی وزارتِ دفاع نے کی ہے۔
بھارت اس نام نہاد ’’اسلامی نیٹو‘‘ منصوبے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ پیش رفت اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ ترکی طویل عرصے سے نیٹو کا رکن رہا ہے۔ مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان آپریشن سندور کے دوران ترکی نے کھل کر پاکستان کی حمایت کی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی۔
یہ دفاعی اتحاد ابھی مکمل طور پر تشکیل نہیں پایا ہے، لیکن اگر ترکی اس میں شامل ہو جاتا ہے تو جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال میں بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ اتحاد بنیادی طور پر ایران اور علاقائی سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں تشکیل دیا جا رہا ہے، نہ کہ بھارت یا اسرائیل کے خلاف۔ تاہم بھارت محتاط ہے کیونکہ پاکستان اور ترکی پہلے ہی کشمیر کے معاملے پر بھارت کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں۔