جاپان میں زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-03-2021
جاپان میں خطرے کی گھنٹی
جاپان میں خطرے کی گھنٹی

 

 

جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے میں ریکٹر اسکیل پر 7.2 کی شدت کے زلزلے کے سبب محکمہ موسمیات نے ممکنہ سونامی سے خبردار کیا ہے۔

جاپان کے محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز سونامی سے متعلق ایک انتباہی اعلان جاری کیا ہے۔ جاپان کے پیسیفک میں واقع علاقے میاگی میں بحرالکاہل کے سمندر میں 60 کلومیٹر کی گہرائی میں زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق 6 بجے شام محسوس کیے گئے۔

میاگی پریفیکچر میں سونامی آنے کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ میاگی سے تا حال کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور مقامی انتظامیہ اس علاقے میں قائم جوہری پلانٹ کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے جب کہ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کو کہا گیا ہے۔

دریں اثناء امریکی جیولوجیکل سروس نے ہفتے کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.0 بتائی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 14فروری کو جاپان میں 7.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلے کا مرکز ٹوکیو سے 135 میل دور فوکوشیما تھا اور اس کی گہرائی 55 کلومیٹر تھی۔