قاہرہ:امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے تقریباً سات ممالک سے جنگی جہاز بھیجنے کی درخواست کی ہے تاکہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھا جا سکے۔ تاہم ایران کے ساتھ جنگ کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ابھی تک کسی بھی ملک نے ان کی اپیل پر ٹھوس عزم ظاہر نہیں کیا ہے۔
ٹرمپ نے ان ممالک کے نام بتانے سے انکار کر دیا جو مغربی ایشیا کے خام تیل پر بڑی حد تک انحصار کرتے ہیں اور جن سے امریکی انتظامیہ اس سمندری راستے کی حفاظت کے لیے ایک اتحاد بنانے کے بارے میں بات چیت کر رہی ہے۔ اس آبی گزرگاہ سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کا تجارتی تیل گزرتا ہے۔ ٹرمپ نے کہا، ’’میں ان ممالک سے مطالبہ کر رہا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور اپنے علاقے کی حفاظت کریں کیونکہ یہ ان ہی کا علاقہ ہے۔‘
‘ فلوریڈا سے واشنگٹن واپسی کے دوران ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ سمندری راستہ امریکہ کے لیے اتنا ضروری نہیں ہے کیونکہ امریکہ کے پاس تیل تک اپنی رسائی موجود ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ چین کو تقریباً 90 فیصد تیل اسی راستے سے ملتا ہے جبکہ امریکہ کو وہاں سے بہت کم تیل ملتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ آیا چین اس اتحاد میں شامل ہوگا یا نہیں۔
اس سے قبل ٹرمپ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سے بھی اس میں شامل ہونے کی اپیل کر چکے ہیں۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ’’سی بی ایس‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ تہران سے ’’کئی ممالک‘‘ نے اپنے جہازوں کو محفوظ گزرنے دینے کے لیے رابطہ کیا ہے، لیکن اس بارے میں فیصلہ ہمارے فوجی حکام کو کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’کئی ممالک‘‘ کے کچھ جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ایران نے کہا ہے کہ یہ آبنائے تمام ممالک کے لیے کھلی ہے، لیکن امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے نہیں۔ عراقچی نے یہ بھی کہا کہ جنگ ختم کرنے کے لیے امریکہ سے بات چیت کرنے کی انہیں کوئی وجہ نظر نہیں آتی کیونکہ ان کے مطابق اسرائیل اور امریکہ نے 28 فروری کو مربوط حملوں کے ساتھ اس لڑائی کا آغاز کیا تھا، جب ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری تھے۔
امریکہ میں چین کے سفارت خانے کے ترجمان لیو پینگ یو نے کہا کہ توانائی کی فراہمی کو مستحکم اور بلا رکاوٹ برقرار رکھنا تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے اور چین کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کو فروغ دے گا۔ ادھر اس جنگ کے اثرات پورے خطے میں بڑھتے جا رہے ہیں۔ ’’انٹرنیشنل کمیٹی فار ریڈ کراس‘‘ کے مطابق ایران میں 1,300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سینکڑوں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اسرائیل میں بھی ایرانی میزائل حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی طرح لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں 820 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ پیر کی صبح سویرے ایران نے ایک بار پھر اسرائیل کی طرف میزائل داغے جس سے وسطی اسرائیل اور تل ابیب کے علاقے میں کئی مقامات پر نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کلسٹر بم استعمال کر رہا ہے جو فضائی دفاعی نظام کو دھوکا دے کر مختلف مقامات پر چھوٹے دھماکہ خیز مواد گراتے ہیں۔