ٹرمپ ٹیرف ہندوستان کو چین اور روس کے قریب کردے گی : سابق امریکی مشیر کی تنبیہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-08-2025
ٹرمپ ٹیرف ہندوستان کو چین اور روس کے قریب کردے گی : سابق امریکی مشیر کی تنبیہ
ٹرمپ ٹیرف ہندوستان کو چین اور روس کے قریب کردے گی : سابق امریکی مشیر کی تنبیہ

 



واشنگٹن:  امریکہ کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے کہا ہے کہ چین کے لیے صدر ٹرمپ کی نرمی اور ہندوستان پر بھاری ٹیرف، دہلی کو روس اور چین سے دور رکھنے کی طویل امریکی کوششوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

امریکی چینل سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جان بولٹن نے خبردار کیا کہ صدر ٹرمپ کے ہندوستان کے خلاف ٹیرف اقدامات، جن کا مقصد روس کو نقصان پہنچانا ہے، الٹا اثر ڈال سکتے ہیں اور یہ اقدامات نئی دہلی کو ماسکو اور بیجنگ کے قریب کر سکتے ہیں۔

جان بولٹن کے مطابق، ’’ہندوستان کے خلاف ٹرمپ کے ٹیرف بظاہر روس کو نقصان پہنچانے کے لیے ہیں، لیکن یہ دہلی کو روس اور چین کے قریب لے جا سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ چین پر ٹرمپ کی نرمی اور ہندوستان پر بھاری محصولات دہائیوں کی ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جو ہندوستان کو روس اور چین سے دور رکھنے کے لیے کی گئی تھیں۔

دی ہل میں لکھے گئے اپنے مضمون میں جان بولٹن نے کہا کہ تجارت کے معاملے میں ہندوستان پر چین کو ترجیح دینا ایک بڑی غلطی اور امریکہ کے لیے نقصان دہ ہے۔ ان کے مطابق، ’’محصولات امریکہ کے طویل مدتی جغرافیائی سیاسی اہداف سے مطابقت نہیں رکھتے، کیونکہ امریکہ دوست اور دشمن دونوں پر یکساں ٹیرف لگا رہا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ بدقسمتی سے، اس پالیسی سے دہائیوں میں قائم ہونے والا اعتماد متاثر ہوا ہے اور اگر اس کے بدلے میں کوئی اقتصادی فائدے حاصل بھی ہوں تو وہ کم ہوں گے، جبکہ نقصانات زیادہ ہوں گے۔

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ وائٹ ہاؤس ٹیرف کے معاملے میں نئی دہلی کے مقابلے بیجنگ کے ساتھ نرم رویہ اختیار کر رہا ہے، جو ایک بڑی ممکنہ غلطی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹرمپ نے 30 جولائی کو اعلان کیا کہ ہندوستان پر ٹیرف کی شرح 26 فیصد ہوگی، جو کہ 2 اپریل کو تجویز کردہ شرح سے ایک پوائنٹ کم ہے، لیکن یہ پہلے کی 2.4 فیصد اوسط شرح سے کہیں زیادہ ہے۔‘‘

انہوں نے نشاندہی کی کہ ٹرمپ نے ہندوستان کی روس سے فوجی سازوسامان کی خرید پر تنقید کی، اور دہلی کی روس سے تیل و گیس کی درآمد کو امریکہ کی یوکرین پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ جان بولٹن نے خبردار کیا کہ اگر چین بہتر تجارتی معاہدے حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو ہندوستان میں ناراضگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔