ایران کے خلاف جیت کے لئے،ٹرمپ کی خصوصی دعائیہ تقریب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2026
ایران کے خلاف جیت کے لئے،ٹرمپ کی خصوصی دعائیہ تقریب
ایران کے خلاف جیت کے لئے،ٹرمپ کی خصوصی دعائیہ تقریب

 



واشنگٹن: ایران کے ساتھ کشیدگی اور جنگی حالات کے تناظر میں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے مختلف حصوں سے آئے مسیحی پادری وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اوول آفس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرد جمع ہو کر ان کی کامیابی اور رہنمائی کے لیے دعا کی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پادری ریزیلوٹ ڈیسک کے اردگرد کھڑے ہیں اور دعا کے دوران کئی مذہبی رہنما صدر ٹرمپ پر ہاتھ رکھ کر ان کی صحت، تحفظ اور درست فیصلوں کے لیے دعا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے بعض اعلیٰ حکام اور روحانی رہنما بھی موجود تھے۔ دعائیہ اجتماع میں صدر کی ذاتی اور سیاسی کامیابی، مستقبل کے فیصلوں میں رہنمائی اور قومی خدمت میں کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ تقریب وائٹ ہاؤس فیتھ آفس کے تعاون سے منعقد ہوئی جس میں معروف پادری ڈیوڈ بارٹون اور رابرٹ جیفرس سمیت کئی مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد پادری رابرٹ جیفرس کا کہنا تھا کہ صدر کے لیے دعا کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اوول آفس میں ہونے والا یہ اجتماع ٹرمپ انتظامیہ اور قدامت پسند مسیحی رہنماؤں کے درمیان مضبوط تعلقات کی ایک اور مثال سمجھا جا رہا ہے، جن کا اثر حالیہ برسوں میں واشنگٹن کی سیاسی پیغام رسانی اور پالیسی مباحث پر نمایاں طور پر دیکھا گیا ہے۔