ٹرمپ کے فیصلے کی امریکہ میں مخالفت

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-12-2025
ٹرمپ کے فیصلے کی امریکہ میں مخالفت
ٹرمپ کے فیصلے کی امریکہ میں مخالفت

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکہ کی 20 ریاستوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس کے تحت نئے ایچ-1بی ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔ ریاستوں کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی غیر قانونی ہے اور اس سے ضروری عوامی خدمات کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
یہ فیس ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی  کی جانب سے نافذ کی گئی ہے۔ ایچ-1بی ویزا کا استعمال اسپتالوں، یونیورسٹیوں اور اسکولوں جیسے ادارے اعلیٰ مہارت رکھنے والے غیر ملکی ملازمین کی بھرتی کے لیے کرتے ہیں۔
ایک لاکھ ڈالر کی فیس غیر قانونی بوجھ
کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل راب بونٹا نے کہا کہ انتظامیہ کے پاس اس قدر بھاری فیس عائد کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت کے طور پر، کیلیفورنیا جانتا ہے کہ جب دنیا بھر کی باصلاحیت افرادی قوت ہمارے ورک فورس کا حصہ بنتی ہے تو ہمیں آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔ بونٹا نے الزام لگایا کہ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی ایک لاکھ ڈالر کی فیس غیر قانونی مالی بوجھ ہے، جو تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں پہلے سے موجود افرادی قلت کو مزید بڑھا دے گی۔
ٹرمپ نے فیس میں اضافہ کیا
ٹرمپ نے یہ فیس 19 ستمبر 2025 کو جاری کردہ ایک حکم کے ذریعے نافذ کی تھی۔ یہ نیا ضابطہ 21 ستمبر کے بعد جمع ہونے والی ایچ-1بی درخواستوں پر لاگو ہوا۔
نئے ضابطے سے ریاستوں کو کیا اعتراض ہے؟
ریاستوں کا الزام ہے کہ یہ پالیسی امریکی قوانین اور آئین کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اسے ضروری قانونی طریقۂ کار کے بغیر نافذ کیا گیا۔ اس وقت ایچ-1بی درخواست پر آجر (ایمپلائر) 960 ڈالر سے 7,595 ڈالر تک فیس ادا کرتے ہیں، جبکہ نیا ضابطہ اس لاگت کو کئی گنا بڑھا دے گا۔
ایچ-1بی ویزا فیس بڑھانے سے امریکہ کو ہی نقصان
واضح رہے کہ ایچ-1بی ویزا پر امریکہ کے اسکول اور اسپتال بڑی حد تک انحصار کرتے ہیں۔ 2024-25 میں 74 فیصد اسکولوں نے اساتذہ کی کمی کی شکایت کی تھی۔ صحت کے شعبے میں بھی صورتحال سنگین ہے۔ سال 2024 میں تقریباً 17,000 ایچ-1بی ویزے ڈاکٹروں اور صحت سے وابستہ پیشوں کے لیے جاری کیے گئے تھے۔ اندازہ ہے کہ 2036 تک امریکہ کو 86,000 ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
۔20 ریاستوں نے مقدمہ دائر کیا
یہ مقدمہ کیلیفورنیا اور میساچوسٹس کے اٹارنی جنرلز نے دائر کیا ہے، جن کے ساتھ ایریزونا، کولوراڈو، نیویارک، نیو جرسی، واشنگٹن سمیت مزید 18 ریاستیں شامل ہیں۔ ایچ-1بی ویزا ہندوستانی پیشہ ور افراد کے لیے بھی نہایت اہم ہے، خاص طور پر ٹیکنالوجی، ہیلتھ کیئر اور ریسرچ کے شعبوں میں کام کرنے والوں کے لیے۔