نیویارک/واشنگٹن: ہندوستانی مصنوعات پر 50 فیصد کسٹم ڈیوٹی لگانے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان نے اب ان کے سامنے ’’صفر ڈیوٹی‘‘ کی پیشکش کی ہے۔ ٹرمپ نے منگل کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ہندوستان نے اب تک امریکہ پر بھاری محصولات لگا کر ’’نقصان‘‘ پہنچایا ہے لیکن جب اس پر زیادہ ڈیوٹی لگائی گئی تو اب اس نے صفر ڈیوٹی کی تجویز پیش کی ہے۔
امریکی صدر نے ریڈیو شو "دی اسکاٹ جیننگز شو" میں بات کرتے ہوئے کہا: "ہندوستان ہمارے خلاف ڈیوٹی لگاتا ہے۔ چین ہمارے خلاف بہت زیادہ ڈیوٹی لگاتا ہے۔ برازیل بھی ایسا کرتا ہے۔" انہوں نے کہا: "ہندوستان سب سے زیادہ ڈیوٹی لگانے والا ملک رہا ہے۔ لیکن اب انہوں نے مجھے ہندوستان میں صفر ڈیوٹی کی پیشکش کی ہے۔"
ٹرمپ نے پچھلے ماہ ہندوستانی مصنوعات کی درآمد پر 25 فیصد ڈیوٹی اور روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے پر 25 فیصد اضافی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح 27 اگست سے امریکی منڈی میں ہندوستانی مصنوعات پر کل 50 فیصد ڈیوٹی عائد ہو رہی ہے۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہیں ڈیوٹی لگانے کے عمل اور اس کے اثرات کی دنیا میں سب سے بہتر سمجھ ہے۔
انہوں نے کہا: میں ڈیوٹی کو دنیا کے کسی بھی دوسرے شخص سے کہیں بہتر سمجھتا ہوں۔ میری ڈیوٹی لگانے کے بعد وہ اپنی ڈیوٹیاں کم کر رہے ہیں۔ ہندوستان سب سے زیادہ ڈیوٹی لگانے والا ملک رہا ہے۔ اور اب ہندوستان میں کوئی بھی ڈیوٹی نہ لگانے کی تجویز میرے سامنے رکھی گئی ہے۔" ٹرمپ نے کہا: اگر میں نے ڈیوٹی نہ لگائی ہوتی تو وہ کبھی ایسی تجویز نہ رکھتے۔ آپ کو ڈیوٹی لگانی ہی پڑتی ہے۔ اس طرح ہم معاشی طور پر مضبوط ہونے جا رہے ہیں۔"
انہوں نے کئی ممالک پر لگائی گئی ڈیوٹی کو غیر قانونی قرار دینے والے ایک وفاقی اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ یہ مقدمہ دوسرے ممالک کی سرپرستی میں دائر کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا: یہ ممالک امریکہ کا فائدہ اٹھاتے رہے تھے لیکن اب وہ ایسا نہیں کر سکیں گے۔ ہندوستان نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی بھاری ڈیوٹی کو ’’غیر منصفانہ اور غیر معقول‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بڑی معیشت کی طرح وہ بھی اپنے قومی مفاد اور اقتصادی سلامتی کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔