ٹرمپ کا وعدہ، ریپبلکن جیتے تو ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر ملیں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2026
ٹرمپ کا وعدہ، ریپبلکن جیتے تو ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر ملیں گے
ٹرمپ کا وعدہ، ریپبلکن جیتے تو ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر ملیں گے

 



فینکس (امریکہ): امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو وعدہ کیا کہ اگر ریپبلکن پارٹی نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں کامیاب ہو کر سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں میں اپنا کنٹرول برقرار رکھتی ہے تو ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔ اس اعلان کو نومبر کے انتخابات میں اپنی پارٹی کی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے ٹرمپ کا ایک غیر معمولی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

تجزیوں کے مطابق اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے پر تقریباً ایک ٹریلین ڈالر خرچ ہو سکتے ہیں اور اس کے لیے کانگریس کی منظوری بھی ضروری ہوگی۔ اس سے امریکہ کے تقریباً 1.8 ٹریلین ڈالر کے سالانہ بجٹ خسارے اور مہنگائی سے متعلق خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے ڈلاس میں اپنی پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "اگر ریپبلکن جیتتے ہیں تو آپ بھی ہمارے ساتھ جیتیں گے اور آپ کو 5 ہزار امریکی ڈالر ملیں گے۔

اسے ’ٹرمپ ڈیوڈنڈ‘ کہا جائے گا۔" انہوں نے اپنی حکومت کی ’’زبردست طاقت اور معاشی کامیابی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اس رقم کا موازنہ کمپنیوں کی جانب سے اپنے شیئر ہولڈرز کو دیے جانے والے منافع سے کیا۔ تاہم، تقریباً ایک گھنٹے کے اندر نائب صدر جے ڈی وینس اس تجویز سے کسی حد تک پیچھے ہٹتے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیوڈنڈ کی رقم امیر امریکیوں کو نہیں دی جائے گی۔

وینس نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اس رقم کی ادائیگی امریکی درآمدی محصولات سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس تجویز سے متعلق مزید تفصیلات طلب کیے جانے پر کوئی جواب نہیں دیا۔ اس ادائیگی کے لیے کانگریس کی منظوری درکار ہوگی، جبکہ مجوزہ رقم امریکی محصولات سے حاصل ہونے والی آمدنی سے کہیں زیادہ ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ گزشتہ سال صدر ٹرمپ کی جانب سے محصولات سے متعلق ایک تجویز کو مسترد کر چکی ہے۔ گزشتہ ماہ امریکہ کا قومی قرض پہلی مرتبہ 40 ٹریلین ڈالر کی سطح سے تجاوز کر گیا تھا۔ ٹرمپ بارہا اس بات پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں کہ موجودہ دور میں صدر کی جماعت تقریباً ہر بار وسط مدتی انتخابات میں شکست سے دوچار ہوتی ہے۔ وہ اس روایت کو بدلنے کے لیے غیر روایتی طریقے تلاش کر رہے ہیں، جن میں اسی ہفتے منعقد ہونے والا ریپبلکن پارٹی کا اجلاس بھی شامل ہے۔