سان فرانسسکو:گوگل کے ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس مقدمے کے تصفیے کے لیے 2.45 کروڑ ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو 6 جنوری 2021 کو امریکی کیپیٹل پر ہونے والے حملے کے بعد ان کا اکاؤنٹ معطل کرنے سے متعلق تھا۔
کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت میں دائر دستاویزات کے مطابق اس سمجھوتے کے تحت 2.2 کروڑ ڈالر کی رقم نیشنل مال ٹرسٹ کو عطیہ کی جائے گی جبکہ باقی رقم امریکن کنزرویٹو یونین سمیت دیگر مدعیوں کو دی جائے گی۔ ٹرمپ کے مقدمات کا تصفیہ کرنے والی کمپنیوں میں گوگل تازہ ترین بڑی ٹیک کمپنی ہے۔
جنوری میں میٹا پلیٹ فارمز نے فیس بک سے 2021 میں ان کی معطلی سے متعلق مقدمے کا تصفیہ کرنے کے لیے 2.5 کروڑ ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ایلن مسک کی کمپنی ’ایکس‘ نے اُس وقت، جب کمپنی ٹوئٹر کے نام سے جانی جاتی تھی، اسی طرح کے مقدمے کا ایک کروڑ ڈالر میں تصفیہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ گوگل نے اس سمجھوتے کی تصدیق کی، لیکن مزید کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔