ٹرمپ ایران کی تجویز سے خوش نہیں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2026
ٹرمپ ایران کی تجویز سے خوش نہیں
ٹرمپ ایران کی تجویز سے خوش نہیں

 



 واشنگٹن ڈی سی : ایک امریکی عہدیدار نے پیر کے روز کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق پیش کی گئی تجویز سے خوش نہیں ہیں کیونکہ اس میں جوہری پروگرام کا ذکر شامل نہیں ہے

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی عہدیدار نے صدر ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تجاویز پسند نہیں آئیں

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کرولائن لیویٹ نے پیر کی شب بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے سے متعلق نئی تجویز پر اپنی اعلی قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ بات چیت کی ہے

انہوں نے بریفنگ میں تفصیلات دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس معاملے پر فوری طور پر مزید کچھ نہیں کہا جا سکتا اور اس پر بات صدر سے ہی سننی چاہیے

رپورٹس کے مطابق ایران نے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکہ کو ایک نئی تجویز دی ہے جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ کے خاتمے کی بات شامل ہے

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس تجویز میں جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کو بعد کے مرحلے تک مؤخر کرنے کی بات کی گئی ہے

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ کا مؤقف بدستور وہی ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی رہے اور ایران اپنا افزودہ یورینیم حوالے کرے

امریکی حکام کے مطابق یہ مجوزہ معاہدہ واشنگٹن کی بنیادی شرائط پر پورا نہیں اترتا

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ دنوں میں پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں جس سے یہ امید پیدا ہوئی تھی کہ امریکہ کے ساتھ نئے مذاکرات ہو سکتے ہیں

تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے نمائندوں کا مجوزہ دورہ منسوخ کر دیا ہے

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران مذاکرات چاہتا ہے تو وہ براہ راست رابطہ کر سکتا ہے یا امریکہ کو کال کر سکتا ہے