واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پینٹاگون اور دیگر سرکاری اداروں کو ہدایت دیں گے کہ وہ یو ایف اوز (Unidentified Flying Objects) اور خلائی مخلوق سے متعلق تمام خفیہ اور سرکاری فائلیں عوام کے لیے جاری کریں۔
صدر ٹرمپ نے یہ پیغام اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیا۔ انہوں نے لکھا کہ غیر معمولی عوامی دلچسپی کے پیشِ نظر، محکمۂ دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ ان آئیڈینٹیفائیڈ ایریل فینامینا (UAPs) اور یو ایف اوز سے متعلق تمام اہم اور دلچسپ معلومات کی نشاندہی کریں اور انہیں شفافیت کے ساتھ عوام تک پہنچائیں۔
ٹرمپ کا یہ بیان سابق صدر باراک اوباما کے حالیہ انٹرویو کے کچھ دن بعد آیا، جس میں اوباما نے خلائی مخلوق کے وجود کے امکانات پر تبصرہ کیا تھا۔ اوباما نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ خلائی مخلوق حقیقی ہو سکتی ہے، لیکن انہوں نے خود اسے نہیں دیکھا۔ بعد ازاں اوباما نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اشارہ کائنات کی وسعت اور دیگر سیاروں پر زندگی کے امکانات کی شماریاتی حقیقت کی طرف تھا، نہ کہ زمین پر خلائی مخلوق کے دورے کے حوالے سے۔
او باما نے مزید کہا کہ شمسی نظاموں کے درمیان فاصلے بہت زیادہ ہیں، اس لیے یہ امکان کم ہے کہ خلائی مخلوق نے کبھی زمین کا دورہ کیا ہو، اور ان کی صدارت کے دوران کوئی ثبوت نہیں ملا کہ غیر ارضیاتی مخلوق نے انسانوں سے رابطہ کیا ہو۔
گزشتہ روز، صدر ٹرمپ سے ان بیانات پر سوال کیا گیا تو انہوں نے صدارتی طیارے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "مجھے نہیں معلوم کہ یہ واقعی ہیں یا نہیں، لیکن سابق صدر نے خفیہ معلومات ظاہر کی ہیں۔ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ ایک بڑی غلطی ہے۔" صدر ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ امریکہ میں یو ایف اوز اور خلائی مخلوق سے متعلق مزید سرکاری دستاویزات عوام کے سامنے آئیں گی، جو اس موضوع پر بحث کو مزید فروغ دیں گی۔