نئی دہلی: امریکہ کی ایک وفاقی اپیلی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے اس فیصلے پر روک لگانے سے انکار کر دیا، جس میں ایک نچلی عدالت نے اعلیٰ مہارت رکھنے والے غیر ملکی ملازمین کے لیے ایچ-1 بی ویزا پر 100,000 امریکی ڈالر کی فیس عائد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔
بوسٹن میں قائم فرسٹ سرکٹ کورٹ آف اپیلز کے تین ججوں پر مشتمل بنچ نے وفاقی حکومت کی اس درخواست کو مسترد کر دیا، جس میں امریکی ضلعی جج لیو ٹی. سوروکن کے 8 جون کے فیصلے پر عبوری روک لگانے کی اپیل کی گئی تھی۔ جج سوروکن نے اس فیس کو کانگریس کی منظوری کے بغیر عائد کیا گیا غیر قانونی ٹیکس قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال ستمبر میں ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے نئے ایچ-1 بی ویزا پر 100,000 امریکی ڈالر کی فیس مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایچ-1 بی ایک غیر تارکِ وطن (Non-Immigrant) ویزا ہے، جس کے ذریعے امریکی کمپنیاں خصوصی تکنیکی یا پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے غیر ملکی ماہرین کو ملازمت دے سکتی ہیں۔
امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنیاں ہر سال ہندوستان، چین اور دیگر ممالک سے ہزاروں ماہرین کی بھرتی کے لیے اسی ویزا پر انحصار کرتی ہیں۔ اپیلی عدالت نے 1989 میں امریکی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو واضح طور پر ثابت کرنا ہوگا کہ کانگریس نے اسے اس نوعیت کا مالی بوجھ، خواہ اسے فیس کہا جائے یا ٹیکس، عائد کرنے کا اختیار صریح الفاظ میں دیا ہے۔
عدالت نے کہا، "ٹرمپ انتظامیہ یہ واضح کرنے میں ناکام رہی کہ اس معاملے میں کانگریس کی واضح منظوری کی شرط کیوں لاگو نہیں ہونی چاہیے۔" عدالت نے مزید کہا کہ انتظامیہ یہ ثابت کرنے میں بھی ناکام رہی کہ اگر نچلی عدالت کے فیصلے پر روک نہ لگائی گئی تو حکومت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔