ایران پر ممکنہ حملے کا فیصلہ آئندہ 15 دن میں متوقع: ٹرمپ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-06-2025
ایران پر ممکنہ حملے کا فیصلہ آئندہ 15 دن میں متوقع: ٹرمپ
ایران پر ممکنہ حملے کا فیصلہ آئندہ 15 دن میں متوقع: ٹرمپ

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ 15 دنوں میں اس بات کا حتمی فیصلہ کریں گے کہ آیا امریکہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرے گا یا نہیں۔ اس دوران اسرائیل اور ایران کے درمیان ساتویں دن بھی حملوں کا تبادلہ جاری رہا۔

اے ایف پی کے مطابق، صدر ٹرمپ نے اپنی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کے ذریعے جاری کردہ بیان میں کہا"اس بنیاد پر کہ ایران کے ساتھ مستقبل قریب میں مذاکرات کے امکانات موجود یا معدوم ہو سکتے ہیں، میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران فیصلہ کروں گا کہ اس جنگ میں عملی طور پر شریک ہونا ہے یا نہیں۔"

ادھر وائٹ ہاؤس نے جمعرات کو ایک تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران صرف دو ہفتوں میں جوہری ہتھیار تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔

پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ"ایران کے پاس جوہری ہتھیار کی تیاری کے تمام تر وسائل اور ٹیکنالوجی موجود ہے۔ اب صرف رہبر اعلیٰ کے حتمی حکم کی ضرورت ہے، جس کے بعد اس ہتھیار کی تکمیل میں چند ہفتے لگیں گے۔"

یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب واشنگٹن میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی پر غور و خوض جاری ہے، اور خطے کی کشیدہ صورتحال میں مزید شدت آنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے