واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو خصوصی پیغام کے ذریعے مبارکباد پیش کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے رمضان کی روحانی اہمیت اور اس کے انسانی رویوں پر اثرات پر روشنی ڈالی۔
صدر ٹرمپ کے مطابق رمضان المبارک ہر مسلمان کے لیے روحانی تجدید اور خدا کی ان گنت نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا موقع ہے۔ یہ مقدس مہینہ نماز، روزے اور عبادات پر زور دیتا ہے اور انسانی رشتوں کو مضبوط کرنے، ہمدردی اور عاجزی جیسی مشترکہ اقدار کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آزادی سے عبادت کرنا ہر شہری کا خدا کا دیا ہوا حق ہے، جو امریکی قوم کی پہچان اور خوشحالی و طاقت کا ستون ہے۔ اسی وجہ سے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ یقینی بنا رہی ہے کہ ہر شہری اپنے عقائد کے مطابق مذہبی آزادی کے ساتھ عبادت کر سکے، بغیر کسی خوف یا ظلم کے۔
امریکی صدر نے دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پوری دنیا میں خوشیوں، برکتوں، اتحاد اور امن کے قیام کا سبب بنے۔ واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ اور تمام خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، اور یہ مقدس مہینہ عید الفطر کی خوشیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔