ٹرمپ کا دعویٰ: ہندوستان سے تجارتی معاہدہ قریب ، پاکستان سے جنگ ہم نے رکوائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2025
ٹرمپ کا دعویٰ: ہندوستان سے تجارتی معاہدہ قریب ، پاکستان سے جنگ ہم نے رکوائی
ٹرمپ کا دعویٰ: ہندوستان سے تجارتی معاہدہ قریب ، پاکستان سے جنگ ہم نے رکوائی

 



نیویارک/واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ جلد طے پانے والا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بات پیر کی شب وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ عشائیے سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔

انہوں نے کہا، ہم نے برطانیہ کے ساتھ معاہدہ کیا، چین کے ساتھ بھی کیا... اور اب ہم ہندوستان کے ساتھ معاہدہ کرنے کے قریب ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اُن کی انتظامیہ نے کئی ممالک کو خطوط بھیجے ہیں جن میں انہیں بتایا گیا ہے کہ اگر وہ امریکہ کو مصنوعات برآمد کرنا چاہتے ہیں تو انہیں محصولات (ڈیوٹی) ادا کرنی ہوگی۔

ان خطوط میں ان ممالک کے ان اشیاء پر محصول کی تفصیلات دی گئی ہیں جن پر امریکہ اضافی چارجز لگانے جا رہا ہے۔ جن ممالک کو یہ خطوط بھیجے گئے ان میں بنگلہ دیش، بوسنیا، کمبوڈیا، انڈونیشیا، جاپان، قازقستان، لاؤس، ملیشیا، سربیا، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور تیونس شامل ہیں۔

ٹرمپ نے الزام لگایا کہ یہ ممالک امریکہ پر اتنے زیادہ ٹیکس عائد کر رہے ہیں جو "کبھی کسی نے نہیں کیے۔ بعض ممالک تو 200 فیصد تک کا ٹیکس لگا رہے ہیں، جس سے تجارت ناممکن ہو گئی ہے۔ ٹرمپ کا بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکہ نے 2 جولائی سے نافذ کیے گئے اضافی محصولات کے نفاذ کو 9 جولائی سے بڑھا کر 1 اگست کر دیا ہے، تاکہ ہندوستان کو معاہدہ مکمل کرنے کے لیے مزید تین ہفتے مل جائیں۔

ادھر ہندوستان کے وزیرِ تجارت پیوش گوئل نے حال ہی میں کہا تھا کہ ہندوستان کسی بھی تجارتی معاہدے کو جلد بازی میں طے نہیں کرے گا بلکہ وہی معاہدہ کرے گا جو مکمل طور پر اس کے قومی مفاد میں ہوگا۔ خاص طور پر زراعت اور ڈیری کے شعبے امریکہ کے لیے حساس موضوعات ہیں، کیونکہ ہندوستان نے آج تک اپنے کسی بھی آزاد تجارتی معاہدے میں ڈیری سیکٹر کے دروازے نہیں کھولے۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مئی میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو روکا۔ انہوں نے کہا: ہم نے اُن سے کہا کہ اگر آپ لڑتے رہے تو ہم آپ کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔ وہ دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اور میرا خیال ہے کہ اُنہیں روکنا بہت اہم تھا۔ ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی پالیسیوں کے باعث دنیا بھر سے کمپنیاں اور سرمایہ کار امریکہ کا رُخ کر رہے ہیں۔

ہندوستانی حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہندوستان کے سخت جوابی حملوں کی وجہ سے جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہونا پڑا، نہ کہ امریکی دباؤ کی وجہ سے۔ ہندوستان کے مطابق، اس نے اپنی خودمختاری کا دفاع مضبوطی سے کیا اور دشمن کو مؤثر جواب دیا۔ اسی دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عشائیے کے دوران امریکی صدر کو ایک خط پیش کیا، جو انہوں نے نوبیل امن انعام کے لیے ٹرمپ کی نامزدگی کے سلسلے میں نوبیل کمیٹی کو لکھا ہے۔