ٹرمپ کا کینیڈین مصنوعات پر 35فیصد ٹیکس کا اعلان

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-07-2025
ٹرمپ کا کینیڈین مصنوعات پر 35فیصد ٹیکس کا اعلان
ٹرمپ کا کینیڈین مصنوعات پر 35فیصد ٹیکس کا اعلان

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایک خط میں اعلان کیا کہ وہ کینیڈا سے درآمد ہونے والی اشیاء پر ٹیکس 35 فیصد کرنے جا رہے ہیں۔ امریکہ کے اس فیصلے سے دونوں قریبی شراکت دار ممالک کے دہائیوں پرانے تعلقات میں مزید دراڑ آ سکتی ہے۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کو لکھے گئے خط میں ٹرمپ نے اس بات کا ذکر کیا کہ وہ فروری میں اعلان کردہ 25 فیصد ٹیکس کو مزید بڑھانے جا رہے ہیں۔ یہ قدم مبینہ طور پر کینیڈا پر ‘فینٹانیل’ کی اسمگلنگ روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے مقصد سے اٹھایا جا رہا ہے، حالانکہ امریکہ میں اس نشہ آور مادے کی اسمگلنگ میں کینیڈا کا کردار محدود سمجھا جاتا ہے۔
نیا ٹیکس 1 اگست سے نافذ ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خط میں لکھا کہ مجھے یہ بھی کہنا چاہیے کہ فینٹانیل کی اسمگلنگ ہی کینیڈا کے ساتھ ہماری واحد مشکل نہیں ہے۔ کینیڈا مختلف قسم کی ٹیکس اور غیر ٹیکس پالیسیاں نافذ کر رہا ہے اور تجارتی رکاوٹیں بھی کھڑی کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے خط سے کچھ گھنٹے پہلے، وزیر اعظم کارنی نے برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارتی چیلنجز کے درمیان، دنیا اب کینیڈا جیسے قابلِ اعتماد اقتصادی شراکت داروں کی طرف دیکھ رہی ہے۔
حال ہی میں، ٹرمپ نے کئی ممالک کو اس طرح کے ٹیکس سے متعلق خطوط بھیجے ہیں۔ اسی سلسلے میں، برازیل پر بھی 50 فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے۔ دوسری جانب، کینیڈا کے وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر کہا کہ کینیڈا، امریکہ کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے کی سمت کام جاری رکھے گا اور اس نے ’’فینٹانیل بحران پر قابو پانے میں اہم پیش رفت‘‘ کی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، وزیر اعظم کارنی کے اس بیان کا مطلب یہ بھی تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے بے ترتیب ٹیکس عائد کرنے کے باعث امریکہ اب ایک قابلِ بھروسہ تجارتی شراکت دار نہیں رہا۔ مونٹریال کی میک گل یونیورسٹی میں سیاسیات کے پروفیسر ڈینیئل بیلینڈ نے کہا کہ ٹرمپ کے تازہ ترین فیصلے سے کینیڈا اور امریکہ کے درمیان کوئی بھی تجارتی معاہدہ طے پانا مزید مشکل ہو جائے گا۔