واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ 1 نومبر 2025 سے چین کی تمام درآمدات پر 100 فیصد اضافی ٹیرف (درآمدی ٹیکس) عائد کرے گا ۔ جو موجودہ محصولات کے علاوہ ہوگا۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اسی تاریخ سے تمام اہم سافٹ ویئرز پر برآمدی پابندیاں نافذ کی جائیں گی۔
ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں امریکی صدر نے لکھا کہ چونکہ چین نے ایک غیر معمولی اور غیر روایتی مؤقف اختیار کیا ہے، اور میں یہ بات صرف امریکہ کے لیے کہہ رہا ہوں، اُن دیگر ممالک کے لیے نہیں جنہیں اسی طرح کے خطرات لاحق ہیں، تو یکم نومبر 2025 سے (یا اگر چین کی جانب سے کوئی مزید اقدام کیا گیا تو اس سے پہلے بھی) امریکہ چین پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرے گا — جو اس وقت عائد ٹیرف کے علاوہ ہوگا۔ اسی روز ہم ہر اہم سافٹ ویئر پر برآمدی پابندیاں بھی نافذ کریں گے۔
ٹرمپ نے یہ اعلان چین کی جانب سے تجارتی معاملات میں "انتہائی جارحانہ رویہ" اپنانے اور "دنیا کے لیے ایک نہایت دشمنانہ خط" بھیجنے کے ردِعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ چین نے تجارت پر ایک غیر معمولی جارحانہ مؤقف اپنایا ہے اور دنیا کو ایک انتہائی سخت لہجے میں خط بھیجا ہے، جس میں اس نے کہا ہے کہ وہ یکم نومبر 2025 سے تقریباً ہر اُس مصنوعات پر بڑے پیمانے پر برآمدی پابندیاں لگائے گا جو وہ تیار کرتا ہے — یہاں تک کہ اُن پر بھی جو وہ خود نہیں بناتا۔ یہ اقدام دنیا کے تمام ممالک کو متاثر کرے گا، اور ظاہر ہے کہ یہ ایک منصوبہ ہے جو انہوں نے برسوں پہلے تیار کیا تھا۔ یہ بین الاقوامی تجارت میں ایک بے مثال عمل ہے اور اخلاقی طور پر ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ چین ایسا قدم اٹھا سکتا ہے، لیکن اس نے اٹھا لیا ہے اور اب یہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب چین نے نایاب ارضی معدنیات کی برآمدات پر مزید سختیاں عائد کی ہیں، اپنی کنٹرول فہرست کو وسیع کیا ہے، اور پیداوار سے متعلق ٹیکنالوجی و بیرونِ ملک استعمالات — بالخصوص دفاعی اور سیمی کنڈکٹر شعبوں — تک پابندیوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
جمعے کو پہلے دیے گئے ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی کوئی ضرورت نہیں"، کیونکہ بیجنگ نے "انتہائی دشمنانہ اقدامات" کرتے ہوئے نایاب معدنیات کی برآمد پر نئی وسیع پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ امریکہ اس کے جواب میں سخت جوابی اقدامات کرے گا، جن میں "چینی مصنوعات پر بڑے پیمانے پر ٹیرف میں اضافہ" شامل ہے۔
چین، جو دنیا میں نایاب ارضی معدنیات کی پراسیسنگ میں سب سے بڑا ملک ہے ۔ جو اسمارٹ فونز سے لے کر لڑاکا طیاروں تک ہر چیز میں استعمال ہوتی ہیں نے اپنی پابندی شدہ معدنیات کی فہرست میں مزید پانچ نئے عناصر شامل کر دیے ہیں: ہولمیم، اربیم، تھولیئم، یوروپیئم اور یِٹربیئم۔ اب یہ کل 17 میں سے 12 اقسام پر مشتمل ہو گئی ہے۔ اب برآمدی لائسنس نہ صرف ان عناصر کے لیے بلکہ ان سے متعلق کان کنی، دھات سازی اور میگنیٹ بنانے کی ٹیکنالوجیز کے لیے بھی لازمی ہوگا۔
چین کی وزارتِ تجارت نے کہا کہ یہ اقدام "قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ" کے لیے ہے اور اس کا مقصد ان مواد کو "براہِ راست یا بالواسطہ طور پر عسکری اور حساس شعبوں میں استعمال ہونے سے روکنا" ہے۔ سی این این کے مطابق، چین نے لتھیئم بیٹریوں اور برقی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے گریفائٹ انوڈ میٹریلز پر بھی نئی پابندیاں لگا دی ہیں۔
یہ نئی پالیسیاں نومبر اور دسمبر کے درمیان مکمل طور پر نافذ ہوں گی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے، خاص طور پر اس متوقع ملاقات سے قبل جو صدر شی جن پنگ اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اس ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والے اپیک اجلاس میں متوقع ہے۔
چین کی یہ تازہ پابندیاں دراصل واشنگٹن کی جانب سے جدید چِپس اور ٹیکنالوجی پر لگائی گئی برآمدی پابندیوں کے جواب میں ہیں، جس سے امریکہ اور چین کے درمیان جاری تجارتی محاذ آرائی کا ایک نیا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔