پاکستان میں تاجر تنظیمیں علماء کرام کے ساتھ : ہڑتال کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان میں ہڑتال کا اعلان
پاکستان میں ہڑتال کا اعلان

 

 

 اسلام آباد

پاکستان میں گزشتہ دنوں مذہبی تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان پر پولیس کے تشدد کے خلاف ملک میں زبردست غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ملک کی کئی مذہبی جماعتوں کی طرف سے پولیس کے جابرانہ رویہ پر تنقید سامنے آئی ہے ۔ کراچی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں کی تاجر تنظیموں نے علماء کرام کی جانب سے آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

آل کراچی تاجر اتحاد، کراچی تاجر الائنس، کراچی تاجر ایسوسی ایشن، بینکوئٹ ہال ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران سندھ نے اپنے بیانات میں مفتی منیب الرحمٰن کی کال پر پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بیانات میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل اور تجارتی مراکز، مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ بند رہےگی۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں پیٹرول اور سی این اسٹیشنز بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران اور گوجرانوالہ میں مرکزی انجمن تاجران نے بھی آج علماءکرام کی ہڑتال کی مکمل حمایت کااعلان کیا ہے۔ سندھ بار کونسل کی جانب سے لاہور میں پیش آنے والے واقعات کی مذمت اور وکلاء کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق سندھ بھر میں وکلاء آج عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔