نئی دہلی: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، توانائی کی فراہمی کے خدشات اور آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے درمیان ہندوستان نے اپنی تجارتی اور اقتصادی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ عمان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے نفاذ نے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندی عطا کی ہے بلکہ ہندوستان کو ایک ایسی متبادل تجارتی راہداری بھی فراہم کی ہے جو بحرانی حالات میں سپلائی چین کو مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ہندوستان اور سلطنت عمان کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کا معاہدہ جسے سیپا کہا جاتا ہے یکم جون سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ توقع ہے کہ اس کے نتیجے میں دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔ منڈیوں تک رسائی وسیع ہوگی اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں۔ پیشہ ور افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
How India-Oman Trade Deal Saves India From Strait of Hormuz Crisis
— DD India (@DDIndialive) June 5, 2026
Watch more on #ConnectingTheDots 🔗 https://t.co/LpXjQHc7a1 #IndiaOmanCEPA #StraitOfHormuz #IranWar @Munmun_Bhat pic.twitter.com/8DB6zN1RVL
یہ معاہدہ دسمبر 2025 میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے مسقط کے دورے کے دوران دستخط کیا گیا تھا۔ بعد ازاں عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کے شاہی فرمان کے ذریعے اس کی توثیق کی گئی۔ سیپا کے تحت عمان کی 98.08 فیصد ٹیرف لائنوں پر ڈیوٹی سے مکمل استثنا فراہم کیا گیا ہے۔ اس کا فائدہ عمان کو ہونے والی ہندوستان کی 99.38 فیصد برآمدات کو حاصل ہوگا۔ جن اہم شعبوں کو اس معاہدے سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے ان میں ٹیکسٹائل۔ جواہرات اور زیورات۔ انجینئرنگ مصنوعات۔ زرعی اور سمندری مصنوعات۔ ادویات سازی۔ مشینری اور تیار شدہ غذائی اشیا شامل ہیں۔
اس معاہدے کے تحت ہندوستانی مصنوعات کی بڑی تعداد پر عائد موجودہ پانچ فیصد درآمدی محصول ختم کردیا گیا ہے جس سے عمانی منڈی میں ان کی مسابقتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ محنت کشوں پر مبنی شعبوں جیسے ٹیکسٹائل۔ چمڑا۔ جوتا سازی۔ سمندری مصنوعات۔ انجینئرنگ مصنوعات اور ادویات سازی کو خاص فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس سے ہندوستان میں صنعتی پیداوار کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق عمان کے ساتھ بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری ایسے وقت میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئی ہے جب خطے میں جغرافیائی سیاسی تناؤ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور عمان کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سیپا) رواں ہفتے باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔
LISTEN: #India’s expanding partnership with #Oman offers Delhi an alternative route for crucial imports amid supply disruptions caused by the closure of the #StraitofHormuz, experts said on Friday https://t.co/Se8nPq287h pic.twitter.com/BR7VEF9MH9
— Arab News (@arabnews) June 5, 2026
اس معاہدے کے تحت ہندوستان اپنی تقریباً 99 فیصد برآمدی مصنوعات عمان کو بغیر کسٹم ڈیوٹی کے بھیج سکے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ کم محصولات اور آسان تجارتی ضوابط ہندوستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈی میں مزید مسابقتی بنائیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
عمان کو بھی اس معاہدے سے نمایاں فوائد حاصل ہوں گے۔
عمان کی 78 فیصد ٹیرف لائنوں پر محصول میں کمی یا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ خاص طور پر توانائی۔ کھاد۔ اور صنعتی خام مال کے شعبوں کو اس سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ معاہدہ عمان کو ایک علاقائی تجارتی اور لاجسٹک مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گا۔ صحار۔ دقم اور صلالہ کی اسٹریٹجک بندرگاہوں کے ذریعے خلیجی تعاون کونسل اور مشرقی افریقہ کی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی۔
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت مالی سال 2025-26 میں بڑھ کر 11.18 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال 10.61 ارب امریکی ڈالر تھی۔ عمان کو ہونے والی ہندوستانی برآمدات کی مالیت تقریباً 4 ارب امریکی ڈالر رہی۔ ان برآمدات میں صاف شدہ پیٹرولیم مصنوعات۔ کیلسائنڈ ایلومینا۔ لوہا اور فولاد کی مصنوعات۔ مشینری اور چاول نمایاں رہے۔
ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے عمان کو ایک قابل اعتماد شراکت دار اور خلیجی خطے و مشرقی افریقہ کا دروازہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہندوستانی برآمد کنندگان اور پیشہ ور افراد کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
سیپا معاہدہ خدمات کے شعبے کے لیے بھی بڑے فوائد کا حامل ہے۔ عمان کو ہندوستان کی خدماتی برآمدات 2020 میں 397 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2024 میں 665 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس اضافے میں مواصلاتی خدمات۔ اطلاعاتی ٹیکنالوجی۔ نقل و حمل اور سفری خدمات کا اہم کردار رہا۔ عمان نے ہندوستانی پیشہ ور افراد کی عارضی آمد اور قیام کے حوالے سے اہم رعایتیں دی ہیں۔ ان میں بین الاقوامی کمپنیوں کے اندر تبادلہ ہونے والے ملازمین کی حد کو 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنا بھی شامل ہے۔
آزاد تجارتی معاہدوں کی تاریخ میں پہلی بار عمان نے پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے مخصوص سہولتوں کا وعدہ کیا ہے۔ ان شعبوں میں اطلاعاتی ٹیکنالوجی۔ انجینئرنگ۔ حساب داری۔ صحت۔ تعلیم۔ تعمیرات اور مشاورتی خدمات شامل ہیں۔
یہ معاہدہ 2022 میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے سیپا کے بعد خلیجی خطے کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ قطر اور خلیجی تعاون کونسل کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی تجارتی مذاکرات میں پیش رفت متوقع ہے۔ ایسے میں عمان سیپا خطے میں گہرے اقتصادی انضمام اور باہمی تعاون کی بنیاد بن سکتا ہے۔
اگر ہندوستانی کاروباری ادارے اور تاجر اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تو وہ عمان کو اپنی برآمدی سرگرمیوں کے لیے ایک مضبوط مرکز کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ سلطنت عمان کے مختلف محصول سے مستثنیٰ اقتصادی علاقوں میں قائم کی جانے والی کمپنیوں میں تیار شدہ مصنوعات کو عمان سے دنیا کی مختلف منڈیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ سیپا کے قواعد کے مطابق اگر کسی مصنوعات پر ’’ساختہ عمان‘‘ کا لیبل ہو تو اسے امریکہ اور ہندوستان دونوں منڈیوں میں بغیر درآمدی محصول کے برآمد کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح یہ معاہدہ عمان اور ہندوستان دونوں کے لیے یکساں فائدہ مند ثابت ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا ہوا اور آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے۔ دنیا کی تیل اور گیس کی بڑی مقدار اسی آبی راستے سے گزرتی ہے، جس کی وجہ سے اس خطے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی معیشت پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
عمان میں ہندوستان کے سابق سفیر اور ویویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن سے وابستہ ممتاز سفارت کار انیل وادھوا کا کہنا ہے کہ عمان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ موجودہ علاقائی بحران کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک تجارتی معاہدہ نہیں بلکہ مستقبل کے معاشی خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی ہے۔
The India–Oman #CEPA is now in force, unlocking new opportunities for trade, investment and professional mobility.
— Invest India (@investindia) June 4, 2026
With duty-free access for 99.38% of India’s exports, the agreement strengthens India’s access to the GCC region and beyond.
Explore: https://t.co/bw5IfdG0wf pic.twitter.com/Ng7dQFcIBj
انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں اور ایسے حالات میں ہندوستان کو ایسے شراکت داروں کی ضرورت ہے جو تجارت اور رسد کے متبادل راستے فراہم کر سکیں۔
اگرچہ ہندوستان گزشتہ چند برسوں سے توانائی کی درآمدات کے ذرائع متنوع بنانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم اب بھی ملک اپنی خام تیل کی تقریباً 30 فیصد اور ایل پی جی کی 90 فیصد درآمدات کے لیے آبنائے ہرمز پر انحصار کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عمان کے ساتھ یہ معاہدہ توانائی اور تجارت دونوں اعتبار سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

ہندوستانی وزارت تجارت و صنعت کے مطابق عمان کی اہم بندرگاہیں صحار، دقم اور صلالہ ہندوستانی برآمد کنندگان کو نہ صرف خلیجی ممالک بلکہ مشرقی افریقہ کی منڈیوں تک بھی آسان رسائی فراہم کریں گی۔ اس طرح یہ معاہدہ ایک نئی تجارتی راہداری کو فعال بنانے میں مدد دے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عمان ہندوستان کے لیے ایک دوستانہ ٹرانس شپمنٹ مرکز، سرمایہ کاری کے مواقع اور متبادل لاجسٹک نیٹ ورک فراہم کر سکتا ہے۔ اگرچہ یہ معاہدہ کسی بڑی علاقائی جنگ کے معاشی اثرات کو مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتا، لیکن موجودہ حالات میں یہ ہندوستانی معیشت کے لیے ایک مضبوط حفاظتی حصار کی حیثیت رکھتا ہے۔
انیل وادھوا کے مطابق اکیسویں صدی میں بھی جغرافیہ عالمی تجارت اور سفارت کاری میں فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمان کے ساتھ یہ معاہدہ تاریخی روابط کو جدید اقتصادی مواقع میں تبدیل کرنے کی ایک کامیاب مثال ہے۔
.webp)
یہ خلیجی تعاون کونسل کے کسی رکن ملک کے ساتھ ہندوستان کا دوسرا آزاد تجارتی معاہدہ ہے۔ اس سے قبل 2022 میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا معاہدہ طے پایا تھا۔ عمان کے لیے بھی امریکہ کے ساتھ 2006 کے معاہدے کے بعد یہ دوسرا بڑا دوطرفہ آزاد تجارتی معاہدہ ہے۔
عمان اس وقت خلیجی خطے میں ہندوستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور مالی سال 2025-26 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔
کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے سینئر ڈائریکٹر منیش موہن کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف ہندوستانی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ شعبے کو نئی رفتار دے گا بلکہ سپلائی چینز کو آبنائے ہرمز پر انحصار سے بتدریج دور لے جانے اور خلیجی خطے میں ہندوستان کے اسٹریٹجک اثر و رسوخ کو مزید مستحکم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔