پاکستان میں ٹماٹر قیمت فی کلو 500 روپے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-10-2025
پاکستان میں ٹماٹر قیمت فی کلو 500 روپے
پاکستان میں ٹماٹر قیمت فی کلو 500 روپے

 



اسلام آباد: پشاور سمیت پورے پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتوں نے صرف ایک ہفتے میں آسمان کو چھو لیا ہے۔ اس وقت ٹماٹر فی کلو 300 سے 500 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، یعنی قیمت کے لحاظ سے یہ مرغی سے بھی زیادہ مہنگے ہو چکے ہیں۔

پشاور کے پھندو روڈ پر واقع سبزی منڈی میں تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس اضافے کی سب سے بڑی وجہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدوں کی بندش ہے۔

منڈی کے ایک ٹماٹر سپلائر نصیب اللہ کے مطابق عام حالات میں روزانہ کابل سے 30 سے 40 کنٹینر ٹماٹر آتے ہیں، لیکن اب ایران اور خیبر پختونخوا سے صرف 15 کنٹینر روزانہ آرہے ہیں، جس سے سپلائی کم ہو گئی ہے اور قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کابل سے ٹماٹر کی ترسیل بند ہونے سے مارکیٹ میں طلب اور رسد کا توازن بگڑ گیا، جس کا اثر براہِ راست قیمتوں پر پڑا۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان ہر سال افغانستان سے تقریباً چار لاکھ ٹن اور ایران سے ایک لاکھ ٹن ٹماٹر درآمد کرتا ہے۔

نصیب اللہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر پنجاب اور بلوچستان کے ٹماٹر مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں، لیکن اکتوبر اور نومبر کے دوران خیبر پختونخوا اور کابل کے ٹماٹروں پر زیادہ انحصار کیا جاتا ہے۔ اس سال سوات اور دیر میں ژالہ باری اور فصلوں میں بیماریوں کے باعث پیداوار کم رہی، اور کابل سے سپلائی رکنے سے قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا۔

گیلپ پاکستان کے مطابق ملک میں ایک لاکھ 67 ہزار ایکڑ سے زائد زمین پر ٹماٹر کی کاشت کی جاتی ہے، جن میں سندھ 55 ہزار ایکڑ کے ساتھ سرفہرست ہے، بلوچستان میں 48 ہزار، خیبر پختونخوا میں 26 ہزار اور پنجاب میں تقریباً 12 ہزار ایکڑ پر ٹماٹر اگائے جاتے ہیں۔

پشاور سبزی منڈی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری زیارت گل کے مطابق کابل اور سوات سے سپلائی متاثر ہونے کے بعد ایران سے ٹماٹروں کی ترسیل میں تیزی آئی ہے۔ ان کے مطابق ایران نے بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر مزید ٹماٹر بھیجنے شروع کر دیے ہیں، اور منگل کے روز تقریباً 15 کنٹینر ایرانی ٹماٹر پشاور پہنچے ہیں۔