بیجنگ: چین نے پیر کے روز کہا کہ پاکستان کے ساتھ اس کے "ہمہ موسمی تعلقات" اس سال بھی مضبوط برقرار ہیں۔ چین نے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے موجودہ دورۂ چین کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہیں اور مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں۔ آصف علی زرداری اس وقت چین کے صوبہ ہنان اور ہینان کے دورے پر ہیں۔ وہ اتوار کے روز ایک ہفتے کے دورے پر چین پہنچے تھے۔
اس دورے کے دوران وہ چینی قیادت کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے، جن میں خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ لن جیان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تمام سطحوں پر اور مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔