تین سائنسدانوں کو طبیعیات کا نوبل انعام

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2025
تین سائنسدانوں کو طبیعیات کا نوبل انعام
تین سائنسدانوں کو طبیعیات کا نوبل انعام

 



سٹاک ہوم:جان کلارک، مائیکل ایچ ڈیورٹ اور جان ایم مارٹینِس کو کوانٹم میکانکس ٹنلنگ میں ان کی تحقیق کے لیے طبیعیات کے نوبل انعام سے نوازنے کا اعلان منگل کو کیا گیا۔ تینوں کو یہ انعام 10 دسمبر کو منعقدہ تقریب میں دیا جائے گا۔ سال 1901 سے 2024 تک طبیعیات کے شعبے میں یہ اعزاز 118 بار دیا جا چکا ہے۔

اب تک 226 سائنسدانوں کو طبیعیات کے نوبل انعام سے نوازا جا چکا ہے۔ اسٹاک ہوم میں واقع رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے اس سال یہ دوسرا انعام دیا جا رہا ہے۔ ایک دن پہلے ہی تین سائنسدانوں کو طب کے شعبے میں خدمات کے لیے نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال، مصنوعی ذہانت کے پیش رو جان ہاپ فیلڈ اور جیفری ہنٹن کو مشین لرننگ کے بنیادی ستون بنانے میں مدد دینے کے لیے طبیعیات کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔ مئری ای برنکو، فریڈ ریمسڈیل اور ڈاکٹر شیمون ساکاگوچی کو سوموار کو طب کے نوبل انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ نوبل انعامات کے اعلان کی اس سیریز میں بدھ کو کیمیا اور جمعرات کو ادب کے شعبے میں فاتحین کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

نوبل امن انعام کا اعلان جمعہ کو اور اقتصادیات میں نوبل میموریل انعام کا اعلان 13 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ انعامات کی تقریب 10 دسمبر کو منعقد کی جائے گی، جو اس کے بانی سویڈش صنعتکار اور دینامائیٹ کے مخترع الفریڈ نوبل کی برسی ہے۔ نوبل 1896 میں اسی دن انتقال کر گئے تھے۔ ان معزز انعامات میں 1.1 کروڑ سویڈش کرونر (تقریباً 12 لاکھ امریکی ڈالر) کی نقد رقم دی جاتی ہے۔