دیر البلح (غزہ شہر):
جب اسرائیلی بم برسنے لگے تو محمد النجار اپنی بیوی اور چھ بچوں کے ساتھ رات کی تاریکی میں جنوبی غزہ میں اپنے گھر سے بھاگ نکلے۔ وہ اپنے محلے کے سینکڑوں دیگر لوگوں کے ساتھ خوف و ہراس میں بکھر گئے۔جب دھول بیٹھ گئی اور النجار اپنے خاندان کے ساتھ میلوں دور ایک پناہ گاہ میں جمع ہوئے تو ان کا 23 سالہ بیٹا احمد غائب تھا۔صبح ہونے پر انہوں نے اسپتالوں میں تلاش کی، ہمسایوں سے پوچھا، مگر کوئی سراغ نہ ملا۔تقریباً دو سال گزرنے کے بعد بھی وہ اسے تلاش کر رہے ہیں۔
ایسا لگتا ہے جیسے زمین نے اسے نگل لیا ہو،” محمد النجار نے کہا۔انہوں نے یہ بات المواسی میں اپنے خیمے سے کہی ، جو دسمبر 2023 کی اس ہولناک رات کے بعد ان کا نواں کیمپ ہے۔غزہ میں ہزاروں خاندان ایسے ہیں جو اپنے لاپتہ رشتہ داروں کو تلاش کر رہے ہیں۔کچھ ملبے کے نیچے دفن ہیں، اور کچھ — احمد النجار کی طرح — اسرائیلی کارروائیوں کے دوران غائب ہو گئے۔
بین الاقوامی کمیشن برائے لاپتہ افراد(ICMP) کی ڈائریکٹر جنرل کیتھرین بومبرگر کے مطابق جنگ میں مرنے والوں کی درست تعداد معلوم نہیں، تو لاپتہ افراد کی تعداد کا اندازہ کون لگا سکتا ہے؟النجار خاندان نے اپنے تباہ شدہ گھر کے ملبے میں تلاش کی، مردہ خانوں میں گئے، اور ریڈ کراس سے بھی رجوع کیا۔“کیا وہ اسرائیل میں قید ہے؟ کیا وہ مر گیا؟ ہم گم ہیں، ہر لمحہ اذیت میں ہیں،46 سالہ باپ نے کہا کہ اسرائیلی جیل سروسز اور فوج نے احمد النجار کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔
ایک بہت بڑا انسانی بحران
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق تقریباً 6,000 افراد ایسے ہیں جن کے بارے میں ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
وزارت کے اہلکار زاہر الوحیدی کے مطابق، اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ بعض بمباریوں میں پورے خاندان صفحۂ ہستی سے مٹ گئے، جن کے لیے لاپتہ افراد کی رپورٹ درج کرنے والا کوئی نہیں بچا۔
مزید 3,600 افراد کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ الگ سے موصول ہوئی ہے، جن کا کوئی سراغ نہیں۔اب تک صرف 200 کیسز کی تفتیش کی گئی، جن میں سے 7 افراد اسرائیلی قید میں پائے گئے۔باقی نہ تو مردہ فہرستوں میں شامل ہیں، نہ ملبے کے نیچے ملے۔یہ وزارت حماس کی حکومت کے تحت کام کرتی ہے، تاہم اقوامِ متحدہ اور دیگر ماہرین اس کے اعدادوشمار کو معتبر مانتے ہیں۔
ریڈ کراس(ICRC) کے ترجمان کرسچین کارڈون کے مطابق، ان کے پاس کم از کم 7,000 لاپتہ افراد کی الگ فہرست ہے ، اس میں وہ شامل نہیں جو ملبے میں دفن ہیں۔بومبرگر کے مطابق لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کے لیے ڈی این اے ٹیکنالوجی، خاندانی نمونے، نامعلوم لاشوں کے نمونے اور فضائی تصاویر درکار ہیں — “یہ ایک نہایت بڑا اور پیچیدہ عمل ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ڈی این اے ٹیسٹنگ کا سامان غزہ میں داخل ہونے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
انہوں نے واضح کیا۔ین الاقوامی قانون کے مطابق، یہ ریاست (یعنی اسرائیل) کی ذمہ داری ہے کہ وہ لاپتہ افراد کو تلاش کرے ، لیکن اس کے لیے سیاسی عزم درکار ہے۔
ایک ماں کی امید
فدوہ الغلبان کو اپنے 27 سالہ بیٹے مصعب کی جولائی سے کوئی خبر نہیں، جب وہ جنوبی قصبے معان کے قریب اپنے گھر سے کھانا لینے گیا تھا۔اس کے کزنز نے اسے زمین پر گرا ہوا دیکھا، مگر اسرائیلی فوج قریب ہونے کے باعث وہ اس تک نہیں پہنچ سکے۔جب وہ بعد میں لوٹے تو لاش غائب تھی، صرف اس کی چپلیں پڑی تھیں۔خاندان نے سوشل میڈیا پر تصویریں ڈالیں، کسی کے پاس کوئی اطلاع ہو تو۔
فدوہ کہتی ہیں:میرے دل میں آگ لگی ہے۔ اگر کسی نے اسے دفنا بھی دیا ہو تو کم از کم دل کو قرار آ جائے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک اور رشتہ دار کو بھی مر گیا سمجھا گیا تھا، لیکن چار دن بعد معلوم ہوا کہ وہ اسرائیلی قید میں ہے۔حقوقِ انسانی کے گروپوں کے مطابق اسرائیل سینکڑوں فلسطینیوں کو لاپتہ کر رہا ہے ،بغیر مقدمے، بغیر اطلاع، اکثر بے خبری میں قید۔
اسرائیل عام طور پر قیدیوں کی تعداد ظاہر نہیں کرتا۔
جنگی قوانین میں تبدیلی کے تحت، غزہ سے گرفتار افراد کو 75 دن تک بغیر عدالتی نگرانی اور وکیل کے رکھا جا سکتا ہے۔اسرائیلی انسانی حقوق تنظیم حموکید کے مطابق، ستمبر 2025 تک کم از کم 2,662 فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، اس کے علاوہ کئی سو فوجی حراستی مراکز میں، جہاں تشدد اور بدسلوکی کی اطلاعات ہیں۔فدوہ الغلبان کہتی ہیں:میرے پاس صرف اس کے کپڑے بچے ہیں۔ میں انہیں دھوتی نہیں، ان سے اس کی خوشبو آتی ہے۔ میں ہر وقت سوچتی ہوں کہ وہ خیمے میں آ رہا ہے۔ میں خود کو کہتی ہوں: وہ مرا نہیں۔ایک انگوٹھی بھی کافی ہے،غزہ کے زیادہ تر بلڈوزر تباہ ہو چکے ہیں۔اب خاندان خود ہی ملبے میں اپنے ہاتھوں سے کھدائی کرتے ہیں — صرف اپنے پیاروں کی ہڈیاں ڈھونڈنے کے لیے۔خالد ناصر کی بیٹی دالیا(28) اور بیٹا محمود(24) الگ الگ فضائی حملوں میں مارے گئے۔دالیا 9 اکتوبر 2023 کو اپنے شوہر کے ساتھ جاں بحق ہوئی ، اس کے بچے زندہ بچ گئے۔
ناصر نے بتایا ہم نے تلاش کیا مگر کچھ نہیں ملا، ایسا لگا جیسے وہ راکٹ کے ساتھ ہی تحلیل ہو گئی۔ایک سال بعد، جب خاندان نے عارضی طور پر گھر چھوڑا تھا، اسرائیلی حملے نے دوبارہ ان کا مکان ملبے میں بدل دیا، اور محمود اندر دفن ہو گیا۔جنوری کے جنگ بندی کے دوران ناصر اور ان کی بیوی خدرہ نے ملبہ کھودنا شروع کیا۔ہر دن وہ ہتھوڑی، بیلچہ اور ہاتھوں سے مٹی ہٹاتے۔آدھا گھر کھود چکے تھے کہ مارچ میں اسرائیل نے جنگ بندی توڑ دی اور انہیں دوبارہ بھاگنا پڑا۔خدرہ کہتی ہیں:اگر نیا سیزفائر ہوا تو میں پھر سے کھدائی شروع کروں گی،چاہے صرف محمود کی انگلی میں انگوٹھی ہی کیوں نہ ملے،کم از کم میرے پاس ایک قبر تو ہوگی جسے میں اپنے بیٹے کی کہہ سکوں۔