لندن: پاکستان کرکٹ کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔شعیب ملک کا ایک نجی ٹی وی کو دیئے انٹرویو میں ثانیہ سے علیحدگی سے متعلق کہنا تھا کہ ثانیہ اور میں دو الگ ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور مصروفیات کی وجہ سے اکثر ایک ساتھ نہیں ہوتے۔
سوشل میڈیا پر ثانیہ مرزا کی جانب سے اَن فالو کئے جانے کے سوال پر قومی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ یہ اُن کیلئے بھی تازہ خبر ہے مگر ایسا بلکل نہیں ہے انہوں نے اَن فالو نہیں کیا۔شعیب ملک نے کہا کہ دنیا کے ہر کلچر میں میاں بیوی کے تعلق میں اُتار چڑھاؤ آتے ہیں یہ زندگی کا حصہ ہے۔بیٹے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا مجھے دیکھتا ہے تو کہتا ہے کہ کرکٹر بننا ہے جب ماں کو دیکھتا ہے تو ٹینس اسٹار بننے کی خواہش کرتا ہے مگر اسے بیڈمنٹن کھیلنے کا بہت شوق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیٹے سے دن میں دو مرتبہ بات ہوتی ہے وہ بھی تب جب اس کا موڈ ہوتا ہے
کرکٹر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ عیدالفطر کے موقع پر اہلیہ اور بچہ ان سے دور ہیں اور انہوں نے خواہش ظاہر کی کاش وہ ان کے ساتھ عید مناتے۔
انہوں نے بتایا کہ شادی سے قبل وہ جب کرکٹ کے سلسلے میں بیرون ملک ہوتے تھے تو والدہ اور بہن بھائیوں کو عید کے موقع پر یاد کرتے تھے اور اب شادی کے بعد وہ نہ صرف والدہ اور بہن بھائیوں بلکہ اہلیہ اور بچے کو بھی یاد کرتے ہیں۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کی اہلیہ کا تعلق دوسرے ملک سے ہے اور ان کی وہاں بھی مصروفیات ہوتی ہیں، اس لیے یہ ہر سال ممکن نہیں ہوپاتا کہ وہ تمام دن ایک ساتھ گزاریں۔
ثانیہ مرزا سے اختلافات اور علیحدگی کے سوال پر انہوں نے مبہم انداز میں بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں، وہ اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے ایک ساتھ نہیں۔
انہوں نے واضح طور پر ایسا نہیں کہا کہ ان کی علیحدگی یا طلاق کی خبریں بے بنیاد ہیں، تاہم انہوں نے سوال کیا کہ دنیا میں ایسا شادی شدہ کون سا جوڑا ہے، جن کے درمیان اختلافات نہیں ہوتے؟
شعیب ملک نے دلیل دی کہ دنیا کی تمام بیویوں اور شوہروں کے تعلقات کے درمیان اتار چڑھاؤ آتا ہے اور ان سمیت تمام مشہور جوڑوں کے تعلقات میں بھی ایسا ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ثانیہ مرزا نے انہیں انسٹاگرام پر اَن فالو نہیں کیا اور یہ خبر انہیں آج مل رہی ہے کہ اہلیہ نے انہیں ان فالو کردیا
انہوں نے تاثر دیا کہ ان کے اور ثانیہ مرزا کے درمیان کسی طرح کے کوئی سنجیدہ اختلافات نہیں ہیں، وہ اپنی اپنی مصروفیات کی وجہ سے الگ ہیں، تاہم انہوں نے واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ ان کے درمیان کوئی تنازعات نہیں ہیں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔
شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔