دنیا کو ہندوستان کی ضرورت ہے: کیوبا کے سفیر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-01-2026
دنیا کو ہندوستان کی ضرورت ہے:  کیوبا کے سفیر
دنیا کو ہندوستان کی ضرورت ہے: کیوبا کے سفیر

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکہ نے اتوار کی علی الصبح وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو دارالحکومت کاراکاس میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کے خلاف نیویارک میں منشیات اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ اس کے بعد پیر کے روز ہندوستان میں کیوبا کے سفیر خوان کارلوس مارسین ایگیلیرا نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے اسے مجرمانہ اور دہشت گردانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کے ذریعے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
انٹرویو میں ایگیلیرا نے کہا کہ کوئی ایک ملک اکیلا امریکہ کو ایسے یکطرفہ اقدامات سے نہیں روک سکتا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ امریکہ کی اس جنون آمیز پالیسی کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو۔ سفیر نے کہا کہ میرے خیال میں وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی حملہ ایک جرم ہے۔ یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے۔ یہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون میں درج تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ یہ ایک خودمختار ملک کے خلاف یکطرفہ اقدام ہے۔
کیوبا کے سفیر: کوئی بھی اکیلا امریکہ کو نہیں روک سکتا 
کیوبا کے سفیر نے امریکی ٹیرف جنگ، ایران کو دی جانے والی دھمکیوں اور فوجی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کوئی بھی اکیلا امریکہ کو نہیں روک سکتا اور نہ ہی رو ک پائے گا۔ سب کو ایک ساتھ آنا ہوگا۔ یہ اتحاد کا وقت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس کارروائی سے دنیا کو ایک خطرناک پیغام ملا ہے۔
دنیا کو ہندوستان کی ضرورت: کیوبا کے سفیر
کیوبا کے سفیر نے عالمی جغرافیائی سیاست کے تناظر میں ہندوستان کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ہندوستان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک بڑی طاقت کے طور پر ضروری توازن قائم کر سکتا ہے اور تمام ممالک کے لیے ایک مستحکم مستقبل کو یقینی بنا سکتا ہے۔ سفیر نے کہا کہ  مجھے پورا یقین ہے کہ گلوبل ساؤتھ کی آواز کے طور پر ہندوستان کا کردار مستقبل میں مسلسل مضبوط ہوتا جائے گا۔ ہمیں ہندوستان کی ضرورت ہے تاکہ وہ توازن قائم کیا جا سکے جس کی دنیا کو ضرورت ہے۔
سری لنکا کی اقوامِ متحدہ سے اپیل
دوسری جانب سری لنکا نے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ امریکہ کی فوجی کارروائی کے بعد وینزویلا کے عوام کی سلامتی، فلاح و بہبود اور ان کے خودمختار حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے پُرامن حل کی سمت میں کام کرے۔ سری لنکا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ ضروری ہے کہ اقوامِ متحدہ اور اس کے ادارے، بالخصوص اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل، اس معاملے کا نوٹس لیں اور وینزویلا کے عوام کی سلامتی، فلاح و بہبود اور خودمختار حقوق کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پُرامن حل کی کوشش کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سری لنکا بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا احترام ضروری سمجھتا ہے، جن میں طاقت کے استعمال سے گریز، عدم مداخلت، بین الاقوامی تنازعات کا پُرامن حل، اور ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت شامل ہیں۔