دنیا کو ٹرمپ جیسے انسان کی ضرورت ہے: اسرائیل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-10-2025
دنیا کو ٹرمپ جیسے انسان  کی ضرورت ہے: اسرائیل
دنیا کو ٹرمپ جیسے انسان کی ضرورت ہے: اسرائیل

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) میں اپنا خطاب کرنے والے ہیں۔ ان کی تقریر سے قبل اسرائیلی اراکینِ پارلیمان کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں ان کا استقبال کر رہے تھے اور نعرے لگا رہے تھے کہ "دنیا کو ٹرمپ جیسے مزید رہنماؤں کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ ایسے وقت میں اسرائیلی پارلیمان سے خطاب کرنے جا رہے ہیں جب حماس نے غزہ میں ایک کامیاب جنگ بندی معاہدے کے تحت تمام 20 یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔
کوئی بھی ٹرمپ جیسا نہیں
ٹرمپ کے خطاب سے قبل اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دنیا کو ٹرمپ کی ضرورت ہے۔ نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل کے لیے جتنا کچھ ٹرمپ نے کیا ہے، اتنا کسی بھی امریکی صدر نے کبھی نہیں کیا۔
اپنے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ “اس امن کے لیے پرعزم ہیں” اور اسی کے ساتھ انہوں نے صدر ٹرمپ کو اسرائیل کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا۔
ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرے گا اسرائیل
کنیسٹ کے اسپیکر امیر اوہانا نے صدر ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوبیل امن انعام کا حقیقی مستحق کوئی ہے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ اوہانا نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل اگلے سال انہیں نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرے گا۔ انہوں نے ٹرمپ کا بار بار شکریہ ادا کیا۔خاص طور پر ایران کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے ساتھ ان کے تعاون اور حماس کے ساتھ جنگ بندی کرانے کی کوششوں کے لیے۔ اوہانا نے کہا کہ محترم صدر، ہزاروں سال بعد بھی یہودی قوم آپ کو یاد رکھے گی، کیونکہ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ اس زمین پر ایسا کوئی شخص نہیں جس نے امن کو آگے بڑھانے کے لیے آپ سے زیادہ کام کیا ہو۔
ٹرمپ کا مصر کا بھی دورہ
اسرائیل کے مختصر دورے پر پہنچے صدر ٹرمپ پیر کو ایئر فورس ون کے ذریعے تل ابیب پہنچے، جہاں ریڈ کارپٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ یروشلم میں اسرائیلی پارلیمان میں خطاب کے بعد وہ مصر جائیں گے، جہاں جنگ بندی منصوبے پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پارلیمان میں ان کے داخلے پر ارکان نے پرجوش تالیوں سے ان کا استقبال کیا، جو کئی منٹوں تک جاری رہیں۔ ٹرمپ کے ساتھ ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف، داماد جیرڈ کشنر اور بیٹی ایوانکا بھی موجود تھیں پارلیمان کے اسپیکر امیر اوہانا نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یروشلم میں خوش آمدید، کنیسٹ میں خوش آمدید، ہم اس دن کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔