واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی فضائی سرحدوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے "گولڈن ڈوم" میزائل ڈیفنس شیلڈ پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد امریکہ دشمن میزائلوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کے قابل ہوگا۔ اعلان کے وقت صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اور گیم چینجر فیصلہ ہے۔ یہ پہلا ایسا ہتھیار ہوگا جسے امریکہ خلا میں تعینات کرے گا، اور اسے تیار کرنے میں تقریباً تین سال لگ سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک جدید میزائل دفاعی نظام بنائیں گے۔ آج میں یہ اعلان کرتے ہوئے خوش ہوں کہ اس نظام کے لیے باقاعدہ ڈیزائن منتخب کر لیا گیا ہے۔ مکمل ہونے کے بعد یہ نظام دنیا کے کسی بھی کونے یا خلا سے داغی گئی میزائلوں کو روکنے کے قابل ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے "گولڈن ڈوم" کی مجموعی لاگت 175 بلین ڈالر بتائی ہے۔ کانگریس کے بجٹ دفتر کے مطابق، خلا میں نصب انٹرسیپٹرز کی مدد سے بین البر اعظمی بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کی لاگت اگلے 20 سال میں 161 سے 542 بلین ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے۔
گولڈن ڈوم ڈیفنس شیلڈ کیا ہے؟
یہ ایک زمینی اور خلائی نظام ہوگا جو میزائلوں کا ابتدائی مرحلے میں ہی پتا لگا کر اُنہیں فضا میں تباہ کر دے گا۔ ٹرمپ کے مطابق یہ نظام امریکہ کی بقا اور سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ یہ زمین، سمندر اور خلا میں جدید ترین ٹیکنالوجیز جیسے اسپیس بیسڈ سینسرز اور انٹرسیپٹرز کو استعمال کرے گا۔
پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگستھ نے بتایا کہ گولڈن ڈوم کا ڈیزائن امریکہ کے موجودہ دفاعی نظاموں کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا اور اس کا مقصد کروز میزائل، بیلسٹک میزائل، ہائپرسونک میزائل، ڈرونز (چاہے روایتی ہوں یا ایٹمی) سے ملک کا دفاع کرنا ہے۔
منصوبے کی تکمیل میں کئی سال لگیں گے
رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کو مکمل ہونے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ اس کے لیے امریکی حکومت نے بڑا بجٹ مختص کر دیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ منصوبہ دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں مکمل طور پر مؤثر ہوگا۔ "گولڈن ڈوم" کا تصور اسرائیل کے "آئرن ڈوم" سے متاثر بتایا جا رہا ہے۔