طالبان کا افعانستان پر قبضہ تقریباً یقینی ۔ امریکی انٹلی جینس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-03-2021
 امریکی انٹلی جینس کے مطابق جلد ہی  افعانستان پر طالبان قابض ہوسکتے ہیں
امریکی انٹلی جینس کے مطابق جلد ہی افعانستان پر طالبان قابض ہوسکتے ہیں

 

 

نیویارک

افغانستان میں طالبان تیزی کے ساتھ اقتدار کی جانب گامزن ہیں ۔ایک جانب امن کی بحالی کےلئے بات چیت کا دور جاری ہے تو دوسری جانب طالبان کی خاموشی کے ساتھ پیش قدمی بھی جاری ہے۔ اس کا انکشاف امریکا نے کیا ہے ۔

امریکی خفیہ اداروں نے جو بائیڈن انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی فوج افغانستان میں لڑائی میں مصروف فریقین کے درمیان شراکت اقتدارکے معاہدے کے بغیر واپس چلی گئی تو طالبان دو تین سال کے اندر ملک کے زیادہ تر حصوں کا انتظام سنبھال سکتے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے حکام کا نام ظاہر کیے بغیر اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ طالبان کی طرف سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کی صورت میں اس بات کا امکان موجود ہے کہ شدت پسند القاعدہ پھر افغانستان میں اپنے قدم جما لے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا یکم مئی کی ڈیڈلائن کے مطابق افغانستان میں موجود 3500 امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جائے یا نہیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور طالبان کے درمیان فروری 2020 میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک معاہدہ ہوا تھا جس میں امریکی فوج کی افغانستان سے واپسی کی ڈیڈلائن پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اخبار کے مطابق بعض امریکی حکام جو امریکی فوج کو افغانستان میں رکھنے کے حق میں ہیں، وہ خفیہ اداروں کی اس رپورٹ کو اس استدلال کے لیے استعمال کر رہے ہیں کہ امریکی فوجیوں کو ڈیڈلائن کے بعد افغانستان میں موجود رہنا چاہیے۔

تاہم وائٹ ہاؤس نے اس معاملے میں تبصرے سے انکار کر دیا ہے۔