کثیرقومی بحری فوجی مشق میں ہندوستان کے جنگی جہازہونگے شامل

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2021
کثیرقومی بحری فوجی مشق میں ہندوستان کے جنگی جہازہونگے شامل
کثیرقومی بحری فوجی مشق میں ہندوستان کے جنگی جہازہونگے شامل

 

 

نئی دہلی

وزارت دفاع نے بحیرۂ جنوبی چین میں 4جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جو 2 ماہ تک وہاں موجود رہیں گے۔

یہ جہاز ان فوجی مشقوں میں حصہ لیں گے جو 5 ممالک کا اتحاد اس بحری علاقے میں منعقد کر رہا ہے۔

ہندوستانی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کے جہاز اس ماہ کے اوائل میں روانہ ہو رہے ہیں۔ 4 جہازوں پر مشتمل ب ٹاسک فورس 2 ماہ کے دوران مختلف بحری مشقوں میں حصہ لے گی۔

ان مشقوں میں امریکا، جاپان اور آسڑیلوی افواج کے ساتھ مالا بار بحری مشق 2021ء اور بحیرۂ جنوبی چین میں کثیر فریقی مشقیں شامل ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں جنوبی بحیرہ چین میں بحری سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ چین جنوبی بحیرہ چین کے تقریباً بیشتر سمندری علاقے پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا آیا ہے اور اس نے کئی علاقوں میں مصنوعی جزیرے بھی تعمیر کر رکھے ہیں۔

آبزور ریسرچ فاؤنڈیشن کے مطابق جنوبی چین کے سمندری پانیوں میں بھارت کی دلچسپی کی وجہ یہ ہے کہ ایشیا بحرالکاہل خطے کے ممالک کے ساتھ بھارت کی 55 فیصد تجارت جنوبی چین کے سمندری راستے سے ہوتی ہے جس کی مالیت تقریباً 200 ارب ڈالر سالانہ ہے۔

بھارت اس سمندری راستے سے آزاد تجارت کو بلا روک ٹوک جاری رکھنے کے حق میں ہے۔ (ایجنسی ان پٹ )