ماں نے کیا بیٹے کو سرِعام پھانسی دینے کا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-09-2021
قاہرہ ہائی کورٹ
قاہرہ ہائی کورٹ

 

 

قاہرہ:مصر میں ایک خاتون نے اپنے بیٹے کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کرکے پورے معاشرے کو ششدر و حیران کردیا۔

انہوں نے یہ مطالبہ سوشل میڈیا پر کیا ہے۔

مصری جریدے ’الاہرام‘ سمیت ملک کے تمام اخبارات و رسائل اور ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

خاتون نے یہ مطالبہ بیٹے کے انسانیت سوز جرم کی اطلاع ملنے پر اس وقت کیا جب اسے پتا چلا کہ اس کے بیٹے نے اپنی بہن کا سرتن سے جدا کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزم اپنی بہن کے گھر گیا جہاں اس نے بہن سے رقم طلب کی۔

ملزم نشے کا عادی تھا اور نشہ آور اشیا خریدنے کے لیے قرضے کے نام پر بہن سے رقم طلب کررہا تھا۔

بہن کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے رقم دینے سے انکار کردیا اور یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنے پیر کے زخمی ہونے کا بہانہ کرکے بہن سے چھڑی سہارے کے لیے طلب کی۔

جیسے ہی بہن نے اسے چھڑی پکڑائی اس نے بہن کی غفلت کا فائدہ اٹھا کراسے زدوکوب کرنا شروع کردیا۔

ملزم بہن کو زدوکوب کرکے باورچی خانے سے چھری لے آیا اور اس نے بہن کی گردن اور پیٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

وہ امید سے تھیں، خون میں لت پت ہوکر گر گئیں اور جان کی بازی ہارگئیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ بہن سے نشے کے لیے رقم مانگتا رہتا تھا۔

ماں کو جیسے ہی واردات کا علم ہوا انہوں نے سوشل میڈیا پر مطالبہ کیا کہ ان کے بیٹے کو سرعام پھانسی دے دی جائے۔

قاہرہ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے اور اب اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔