Story by آمنہ فاروق | Posted by Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
دنیا کی مہنگی ترین کافی، کیا ہے خاص؟
نئی دہلی/ آواز دی وائس
آپ ایک کپ کافی کے لیے زیادہ سے زیادہ کتنا خرچ کریں گے؟ شوق اور جیب کو دیکھتے ہوئے شاید ایک ہزار روپے۔ لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ دبئی میں ایک ایسا کیفے ہے جہاں ایک کپ کافی کی قیمت 87 ہزار روپے ہے؟
دراصل آج کے دور میں کافی صرف ہماری صبح کی عادت نہیں رہی بلکہ یہ شوق، سائنس اور عیش و آرام کا سنگم بن چکی ہے۔ کافی کے دیوانے لوگ دنیا کے مختلف حصوں میں اس کے نایاب بیج یعنیٰ بینس تلاش کرنے نکل پڑتے ہیں۔ اب دبئی نے اس سفر کو ایک بالکل نئی بلندی تک پہنچا دیا ہے۔ "جولیتھ" نامی ایک بُوٹیک کیفے میں دنیا کی سب سے مہنگی کافی پیش کی جا رہی ہے۔ یہاں ایک کپ کافی کی قیمت 3,600 درہم (تقریباً 87,000 روپے) ہے۔
اس کافی کے لیے ایک خاص قسم کے بیج استعمال کیے جا رہے ہیں جنہیں "نِڈو 7 گیشا" کہا جاتا ہے۔ یہ بیج پاناما میں بہت محدود مقدار میں پیدا کیے جاتے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر کافی کے ماہرین اس کی منفرد کوالٹی کے قائل ہیں اور یہ قیمت اس لیے نہیں ہے کہ کافی کو کسی سونے کے کپ میں پیش کی جاتی ہے یا اس میں سونے کا پانی ملایا جاتا ہے، بلکہ اس قیمت کی اصل وجہ اس کافی کی نایابیت اور خالصتاً قدرتی معیار ہے۔ یہ کافی ان لوگوں کے لیے تیار کی گئی ہے جن کے لیے کافی صرف ایک مشروب نہیں بلکہ ایک تجربہ اور احساس ہے ۔ ایک ایسا ذائقہ جسے زندگی میں ایک بار چکھ کر یادگار بنا لینا چاہتے ہیں۔
یہ کافی کے بیج خاص کیوں ہیں؟
نِڈو 7 گیشا دنیا کی سب سے نایاب کافی میں شمار ہوتی ہے۔ یہ بیج پاناما کے بارُو آتش فشاں کے قریب واقع ایک مخصوص باغ میں اُگائے جاتے ہیں۔ ان بیجوں کی صرف 20 کلوگرام مقدار ہی دستیاب تھی، اور پاناما میں ہونے والی ایک نیلامی میں جولیتھ کیفے نے اس کی پوری کھیپ تقریباً 2.2 ملین درہم (یعنی 5.3 کروڑ روپے) میں خریدی۔ جن لوگوں نے اس کا ذائقہ چکھا ہے، ان کے مطابق اس کافی میں چمیلی، پھل اور شہد کے ذائقے محسوس ہوتے ہیں۔