جاپانی شہزادی نے عام شہری سے شادی کرلی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2021
و
و

 

 

ٹوکیو: محلوں میں پلنے والی شہزادی عام لڑکی بن گئی، جاپانی شہزادی ماکو نے محبت کی خاطر تخت و تاج ٹھکرا دیے، شاہی رتبے کو خیر باد کہہ دیا، اپنے سابق ہم جماعت سے شادی کرلی، ان کے شوہر کا کسی شاہی خاندان سے تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ جاپانی شاہی خاندان کی رکن اور امکانی ولی عہد فومی ہیٹو کی صاحبزادی 30 سالہ شہزادی ماکو کی آج ایک عام جاپانی شہری کومورو سے شادی ہوگئی۔ تاہم شاہی خاندان، شاہی محل اور جاپانی عوام شہزادی کے اس اقدام سے ناخوش ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ شہزادی کی ہونے والی ساس ایک مالی تنازع میں ملوث بتائی جاتی ہیں۔ شہزادی کے 30 سالہ شوہر نیویارک سے قانون کی تعلیم حاصل کرکے وطن واپس لوٹے ہیں۔ شہزادی نے شاہی خاندان سے باہر شادی کرنے پر ملنے والے 150 ملین ین (لگ بھگ ساڑھے 13 لاکھ امریکی ڈالرز) کی رقم لینے سے انکار کردیا تھا، جس کی کہ وہ حقدار تھیں۔ وہ دوسری جنگ عظیم کے بعد شاہی خاندان کی پہلی خاتون رکن ہیں جو کہ ایک عام آدمی سے شادی کرنے سے ملنے والی رقم وصول نہیں کررہی ہیں۔