ایرانی آرمی نے بتایا کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل کیسے ہوا؟

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-08-2024
ایرانی آرمی نے بتایا کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل کیسے ہوا؟
ایرانی آرمی نے بتایا کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل کیسے ہوا؟

 



تہران: ایرانی آرمی پاسداران انقلاب نے بتایا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل کیسے ہوا؟ اسی کے ساتھ اس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد صیہونی ریاست کو اس کے جرم کا فیصلہ کن ردِعمل دیا جائے گا۔ پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کو کم فاصلے سے مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل کو اس حملے میں امریکا کی مدد شامل تھی۔ ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہانیہ کو شارٹ رینج پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا۔ پروجیکٹائل میں 7 کلوگرام کا وارہیڈ استعمال کیا گیا۔ پاسداران انقلاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسماعیل ہانیہ پر حملے کا بدلہ شدید ہوگا، مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے بدلہ لیں گے۔ ایرانی فوج نے کہا کہ دہشتگرد صہیونی ریاست کو اس کے جرم کا فیصلہ کن ردِعمل دیا جائے گا۔

علم میں رہے کہ مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ تہران میں اسرائیلی حملے میں مارےگئے تھے۔ ان کے ساتھ ان کا ایک محافظ بھی مارا گیا تھا۔ ایران نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ اسماعیل ہانیہ کی موت کا بدلہ لیا جائے گا جبکہ ایران میں بدلے کی علامت سرخ پرچم بھی لہرادیا گیا ہے۔

ایران کے نگراں وزیر خارجہ علی باقری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے فون پر رابطہ کیا اور کہا ہے کہ اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ نگراں وزیر خارجہ علی باقری کا کہنا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کو شہید اور ایران کی قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا، اسرائیل نے علاقائی استحکام کی خلاف ورزی کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو خطرے سے دوچار کیا ہے، ایران حق دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔