اوٹاوا/ آواز دی وائس
کینیڈا میں 21 سالہ ہندوستانی طالبہ ہر سمرت رندھاوا کو گولی مار کر قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ ایک پریس کانفرنس میں ایکٹنگ ڈٹ سارجنٹ ڈیرل ریڈ نے بتایا کہ ہیملٹن پولیس نے منگل کے روز اونٹاریو کے نیاگرا فالس میں 32 سالہ جیرڈین فوسٹر کو گرفتار کیا اور اس پر قتل کی کوشش کے تین الزامات بھی لگائے گئے۔
ہر سمرت رندھاوا موہاک کالج میں فزیوتھراپی کورس کر رہی تھی اور سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھی۔ اسے 17 اپریل کو اس وقت گولی لگی جب وہ اَپر جیمز اسٹریٹ اور ساؤتھ بینڈ روڈ کے چوراہے پر ایک بس اسٹاپ کے قریب کھڑی تھی۔ اسپتال میں اس نے دم توڑ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ہندوستانی طالبہ بس سے اتری تھی اور سڑک پار کرنے کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک گولی لگ گئی۔ گولی اس پر براہِ راست نہیں چلائی گئی تھی بلکہ دو گینگز کے درمیان فائرنگ کے دوران غلطی سے اسے جا لگی۔
کم از کم سات افراد جو چار گاڑیوں میں سوار تھے، اس فائرنگ میں شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کے درمیان فائرنگ ہوئی اور اس میں کم از کم دو بندوقوں کا استعمال کیا گیا۔ رپورٹ میں جمعرات کو ریڈ کے حوالے سے کہا گیا: "ہر سمرت ایک معصوم تماشائی تھی، وہ مقامی جِم سے گھر جانے کی کوشش کر رہی تھی جب اس پر حملہ ہوا اور اس کا قتل کر دیا گیا۔"اس معاملے میں ابھی تک کوئی اور گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔