تلنگانہ کا سپریم کورٹ میں بیان: گورنر کو وزارتی کونسل کا مشورہ ماننا ہوگا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
تلنگانہ کا سپریم کورٹ میں بیان: گورنر کو وزارتی کونسل کا مشورہ ماننا ہوگا
تلنگانہ کا سپریم کورٹ میں بیان: گورنر کو وزارتی کونسل کا مشورہ ماننا ہوگا

 



نئی دہلی: تلنگانہ حکومت نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں کہا کہ گورنر کو استغاثہ کی منظوری دینے کے معاملے میں بھی وزارتی کونسل کی مشاورت لینا لازمی ہے۔ صرف اس وقت یہ پابندی لاگو نہیں ہوتی جب کوئی وزیر یا وزیر اعلیٰ کسی فوجداری معاملے میں ملوث ہو۔

چیف جسٹس جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ اس معاملے پر سماعت کر رہی ہے کہ صدرِ جمہوریہ اور گورنروں کے لیے بل کو منظور کرنے کی کوئی مدت مقرر کی جا سکتی ہے یا نہیں۔ اس بینچ میں جسٹس سوریا کانت، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس اے ایس چندرکر بھی شامل ہیں۔

تلنگانہ حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل نرنجن ریڈی نے آئینی بینچ کے سامنے دلیل دی کہ جب عدالت صدر کے ریفرنس پر سماعت کر رہی ہو تو اسے گورنر کے "ذاتی تعصبات" پر بھی غور کرنا چاہیے۔ سماعت کے نویں دن ریاست کے وکیل نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 200 کی دفعات کے تحت گورنر کے پاس کوئی صوابدیدی اختیار نہیں ہے اور وہ وزارتی کونسل کی مدد اور مشورے پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔

آرٹیکل 200 ریاستی اسمبلی کی طرف سے منظور شدہ بلوں کے سلسلے میں گورنر کے اختیارات کو طے کرتا ہے، جس کے تحت وہ بل کو منظور کر سکتے ہیں، منظوری روک سکتے ہیں، بل کو دوبارہ غور کے لیے واپس بھیج سکتے ہیں یا اسے صدر کے غور کے لیے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

منگل کو سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ گورنروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ وقت کے اندر فیصلہ کریں، چاہے آرٹیکل 200 میں شیگھر (جلد از جلد) کا لفظ نہ بھی ہو۔ عدالت صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے بھیجے گئے 14 سوالات پر غور کر رہی ہے، جن میں پوچھا گیا ہے کہ کیا عدالتی احکامات کے ذریعے یہ طے کیا جا سکتا ہے کہ ریاستی اسمبلیوں کے منظور کردہ بلوں پر غور کرتے وقت صدر کو صوابدیدی اختیار کے استعمال کے لیے کوئی مدت مقرر کی جا سکتی ہے۔

منگل کو اس معاملے کی سماعت کے دوران کرناٹک حکومت نے دلیل دی کہ آئینی نظام کے تحت صدر اور گورنر محض علامتی سربراہ ہیں، جو مرکز اور ریاست دونوں جگہ وزارتی کونسل کی مشاورت اور مدد سے کام کرنے کے پابند ہیں۔