واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہندوستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف نے ہندوستان کے ساتھ "دراڑ" پیدا کر دی اور اعتراف کیا کہ روس۔یوکرین تنازع، جسے وہ سب سے آسان حل تصور کرتے تھے، اب بھی حل طلب ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان روس کا سب سے بڑا گاہک تھا، میں نے روس سے تیل خریدنے پر ہندوستان پر 50 فیصد محصول لگایا۔ یہ ایک بڑا قدم تھا اور اس نے ہندوستان کے ساتھ دراڑ پیدا کی۔ یاد رکھیں، یہ یورپ کا مسئلہ زیادہ ہے ہمارا کم۔ ہندوستانی مصنوعات پر ٹیرف کے ذکر سے قبل امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ وہ روس۔یوکرین تنازع کو حل نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ سب سے آسان یوکرین اور روس ہوگا... اس کے لیے دونوں فریقوں کی رضامندی ضروری ہے۔ جب پوتن چاہتے تھے تب زیلینسکی نہیں چاہتے تھے، اور جب زیلینسکی چاہتے تھے تب پوتن تیار نہیں تھے۔ اب زیلینسکی چاہتے ہیں اور پوتن ایک سوالیہ نشان ہیں۔ ہمیں بہت سخت موقف اختیار کرنا پڑے گا۔ یہ واحد جنگ ہے جو میں حل نہیں کر سکا، حالانکہ میرا پوتن کے ساتھ ہمیشہ اچھا تعلق رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید وضاحت کی کہ وہ روس۔یوکرین تنازع کو حل کرنے کے لیے "بہت سخت اقدام" کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بینکوں پر سخت پابندیاں لگانے، تیل اور ٹیرف سے متعلق اقدامات کرنے پر مشتمل ہوگا۔ میں یہ پہلے بھی کر چکا ہوں، میں نے بہت کچھ کیا ہے۔ انٹرویو کے دوران ٹرمپ نے دیگر تنازعات کو حل کرنے کے اپنے ریکارڈ کو بھی دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سات جنگیں حل کیں، سات۔ میں نے بہت کچھ کیا جن میں پاکستان اور ہندوستان بھی شامل ہیں... کچھ ناقابلِ حل سمجھے جاتے تھے۔ کانگو اور روانڈا، میں نے حل کیا۔ لاکھوں لوگ مارے گئے تھے۔ میں نے وہ جنگیں حل کیں جو ناقابلِ حل سمجھی جاتی تھیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے اپنے "امریکہ فرسٹ" تجارتی ایجنڈے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیرف کی وجہ سے کامیاب ہوئے ہیں۔ اس نے ہمیں دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات کرنے کی زبردست طاقت دی ہے جو ہمیں نقصان پہنچا رہے تھے۔ اس نے ملک میں اربوں ڈالر لائے ہیں۔ ہمارے پاس ایک بڑا مقدمہ ہے جو اب سپریم کورٹ میں ہے۔ یہ مقدمہ جیتنا بہت ضروری ہے کیونکہ اسی نے ہمیں ایک امیر ملک بنایا ہے۔