ایرانی سفارت کاروں اور یوروپی وزراء کے درمیان گفتگو ناکام

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2025
ایرانی سفارت کاروں اور یوروپی وزراء کے درمیان گفتگو ناکام
ایرانی سفارت کاروں اور یوروپی وزراء کے درمیان گفتگو ناکام

 



تل ابیب: اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی غرض سے ہونے والی کئی گھنٹوں پر محیط سفارتی بات چیت ناکام ہو گئی ہے۔ یورپی وزراء اور ایران کے اعلیٰ ترین سفارت کاروں کے درمیان جمعہ کو جنیوا میں چار گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ عین اسی وقت امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی مداخلت پر غور کر رہے تھے، اور ایران کے جوہری ری ایکٹروں پر حملے کی فکر بھی بڑھ رہی تھی۔

یورپی حکام نے مستقبل میں مذاکرات کی امید ظاہر کی، جبکہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ وہ آئندہ بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل کی جانب سے لگاتار کیے جا رہے حملوں کی وجہ سے ایران کو امریکہ کے ساتھ بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

عراقچی نے صحافیوں سے کہا اگر حملے بند ہو جائیں اور حملہ آور کو اس کے جرائم کے لیے جواب دہ ٹھہرایا جائے، تو ایران سفارتی اقدامات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔ فی الحال آئندہ مذاکرات کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جب تک ہمارا ملک چاہے گا، ایران میں اسرائیل کی فوجی مہم جاری رہے گی۔

اس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کا خاتمہ ہے۔ اسرائیل کے ایک اعلیٰ جنرل نے بھی اسی قسم کی وارننگ دی اور کہا کہ اسرائیلی فوج طویل فوجی مہم کے لیے تیار ہے۔ تاہم نیتن یاہو امریکہ کی مدد کے بغیر یہ مقصد حاصل نہیں کر سکتے۔ مانا جا رہا ہے کہ ایران کی فردو یورینیم افزودگی تنصیب، جو کہ زمین دوز بنکرز میں واقع ہے، فی الحال امریکہ کے بنکر تباہ کرنے والے بموں سے محفوظ ہے۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں فیصلہ کریں گے کہ امریکہ ایران کے خلاف اسرائیل کی فوجی مہم میں شامل ہو گا یا نہیں۔ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری و فوجی اڈوں، اعلیٰ جنرلوں اور جوہری سائنس دانوں کو نشانہ بنا کر حملے کیے تھے، جس کے ردِعمل میں ایران کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے، اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ چھڑ گئی۔

واشنگٹن میں قائم ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق، ایران میں اب تک 263 عام شہریوں سمیت کم از کم 657 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ 2000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق، ایران نے اسرائیل پر 450 میزائل اور 1000 ڈرون داغے، جن میں سے زیادہ تر کو اسرائیل کے کثیر سطحی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔ تاہم ان حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ قدس فورس کے لیے کام کرنے والے فلسطین کور کے کمانڈر سعید ایزادی کو قم شہر کے ایک اپارٹمنٹ میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ قدس فورس، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایک خصوصی شاخ ہے جو بیرونِ ملک فوجی اور خفیہ کارروائیاں انجام دیتی ہے۔