تحریر الشام:امریکہ نے کیا دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2025
 تحریر الشام:امریکہ نے کیا  دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج
تحریر الشام:امریکہ نے کیا دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج

 



واشنگٹن۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے شام کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کو تسلیم کرتے ہوئے، تحریر الشام کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق منگل سے ہو گا اور یہ نئی شامی حکومت کی قیادت پر امریکی اعتماد کی علامت ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام شام کے نئے صدر احمد الشرع کی زیرِ قیادت مثبت اقدامات کو تسلیم کرنے کے طور پر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق "یہ فیصلہ شام میں ایک مستحکم اور پرامن ریاست کی تشکیل کی امریکی کوششوں میں پیش رفت کی غمازی کرتا ہے۔

یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے جب بشار الاسد کی برسوں طویل حکمرانی کو ختم کرنے کے بعد شام میں عبوری حکومت قائم کی گئی ہے اور امریکہ نے اس نئی قیادت کے ساتھ سفارتی رابطے بڑھانا شروع کیے ہیں۔پیر کے روز وفاقی رجسٹر میں شائع ایک پیشگی نوٹس کے مطابق، روبیو نے 23 جون کو یہ فیصلہ اٹارنی جنرل اور وزیر خزانہ سے مشاورت کے بعد کیا۔ البتہ، اس فیصلے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ اسد حکومت پر عائد کئی پابندیوں کو ختم یا نرم کرنے کی پالیسی پر بھی عمل پیرا ہے۔

عالمی تنہائی کے خاتمے کی کوشش

یہ فیصلہ شام کی طویل عالمی تنہائی کو ختم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔ شام اس وقت تعمیر نو کی کوششوں میں مصروف ہے تاکہ وہ 13 سالہ خانہ جنگی کے تباہ کن اثرات سے باہر نکل سکے۔وائٹ ہاؤس میں پیر کو اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے ساتھ عشائیہ سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ شام کا نیا رہنما سخت گیر پس منظر رکھتا ہے، اور میں نے جواب دیا: مجھے اس پر حیرت نہیں۔ یہ علاقہ ویسے ہی سخت ہے۔ لیکن میں ان کی سنجیدگی اور جذبے سے متاثر ہوا ہوں۔ ہم انہیں ایک موقع دینا چاہتے ہیں، اسی لیے پابندیاں اٹھائی گئیں۔

دہشت گرد درجے سے اخراج کی تفصیل

نوٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ تحریر الشام کو دہشت گرد تنظیم کے زمرے سے ہٹانے کی وجوہات کیا تھیں۔ یاد رہے کہ یہ گروپ پہلے النصرہ فرنٹ کے نام سے جانا جاتا تھا اور اس کی القاعدہ سے وابستگی کے باعث اسے دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ 2017 میں اس نے القاعدہ سے علیحدگی کا اعلان کر کے اپنا نام تحریر الشام رکھ لیا، تاہم پھر بھی اسے دہشت گرد فہرست میں شامل رکھا گیا۔شام کی قیادت میں تبدیلی کے بعد، خاص طور پر دسمبر میں بشار الاسد کی برطرفی اور احمد الشرع کے اقتدار سنبھالنے کے بعد، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ شام کے تعلقات میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے۔

پابندیوں میں نرمی اور آگے کا راستہ

روبیو کے دستخط کے سات دن بعد، 30 جون کو صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جس کے تحت شام پر عائد کچھ اقتصادی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ یہ اقدام اس وعدے کا تسلسل تھا جو انہوں نے احمد الشرع سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔نیتن یاہو نے بھی اس موقع پر شام میں قیادت کی تبدیلی کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک نئے موقع کے طور پر سراہا۔ ان کا کہنا تھا ، تنازعے کی طرف واپسی نقصان دہ ہوگی، لیکن امن کی راہ بہت کچھ دے سکتی ہے۔

تاہم، بعض سخت نوعیت کی پابندیاں اب بھی برقرار ہیں، خاص طور پر وہ جو اسد، ان کے قریبی افراد، یا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کیمیائی ہتھیاروں میں ملوث عناصر پر عائد کی گئی تھیں۔اسی طرح، کانگریس کی منظور کردہ سیزر ایکٹ کے تحت، شام کی فوج، انٹیلیجنس یا مشکوک اداروں کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین اب بھی غیر قانونی ہے، اگرچہ ٹرمپ انتظامیہ نے ان پابندیوں میں عارضی استثنیٰ ضرور دیا ہے۔ ان پابندیوں کو مستقل ختم کرنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی درکار ہو گی۔