قاہرہ/ آواز دی وائس
سوڈان کے شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشر میں نیم فوجی دستوں نے جمعہ کی صبح ایک مسجد پر ڈرون حملہ کر دیا۔ اس حملے میں 43 شہری ہلاک ہو گئے۔ حملے کے بعد مسجد کے احاطے میں کہرام مچ گیا اور ہر طرف چیخ و پکار سنائی دینے لگی۔ ایک مقامی طبی گروپ نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ نیم فوجی فورس "ریپڈ سپورٹ فورسز" نے کیا۔
مرنے والوں میں بچے اور بزرگ بھی شامل
سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے جمعہ کو "ایکس" پر بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں نماز پڑھنے والے بزرگ اور بچے بھی شامل تھے۔ جب لوگ نماز ادا کر رہے تھے، اسی وقت ڈرون سے حملہ کیا گیا۔ نیٹ ورک نے اسے "بےگناہ شہریوں کے خلاف ایک سنگین جرم" قرار دیا اور کہا کہ یہ اآر ایس ایف کی "انسانی اور مذہبی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے لیے کھلی بیزاری" کو ظاہر کرتا ہے۔
لاشوں کے ٹکڑے فضا میں جا گرے
حملہ اتنا خوفناک تھا کہ دھماکے کے بعد ہلاک شدگان کے جسموں کے ٹکڑے کئی فٹ ہوا میں اچھل کر ادھر ادھر جا گرے۔ مقامی شہریوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے گروپ "الفاشر ریزسٹنس کمیٹی" نے جمعہ کو ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں مبینہ طور پر مسجد کا ایک حصہ ملبے میں تبدیل دکھائی دے رہا ہے اور وہاں کئی لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس اس ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ کون سی مسجد کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ حملہ پچھلے ایک ہفتے میں ہونے والے کئی حملوں میں سے ایک ہے، کیونکہ آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کے درمیان الفاشر میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جاری تنازعہ
سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان یہ تنازعہ اپریل 2023 میں شروع ہوا تھا، جو اب ایک خانہ جنگی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق، اس جنگ میں اب تک کم از کم 40,000 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریباً 1.2 کروڑ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ لاکھوں لوگ بھوک کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ دارفور خطے میں فوج کا آخری بڑا گڑھ الفاشر پچھلے ایک سال سے اس لڑائی کا مرکز بنا ہوا ہے۔
زور دار دھماکوں کی آواز سے لوگ دہل گئے
فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان یہ لڑائی جمعرات کو مغربی اور جنوبی حصوں میں مرکوز رہی، لیکن جمعہ کو نیم فوجی دستوں نے مسجد پر حملہ کر دیا۔ "دارفور وکٹمز سپورٹ آرگنائزیشن" نے بتایا کہ مقامی باشندوں نے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور ڈرون دیکھے۔ ریزسٹنس کمیٹی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ آر ایس ایف نے عورتوں، بزرگوں اور نقل مکانی کرنے والے کیمپوں میں رہنے والے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔