کولمبو: سری لنکن بحریہ نے جمعہ کے روز بتایا کہ جہاز “آئی آر آئی این ایس بوشہر” پر سوار 208 ایرانی اہلکاروں میں سے 204 کو محفوظ طریقے سے کولمبو بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب سری لنکا کے قریب ایک اور ایرانی جنگی جہاز دو دن پہلے سمندر میں ڈوب گیا تھا۔
بحریہ کے مطابق چار اہلکار اب بھی جہاز پر موجود ہیں۔ اس جہاز کے ایک انجن میں خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ بحریہ نے کہا کہ جہاز کو موجودہ مقام، جو کولمبو سے باہر سمندر میں ہے، سے مشرقی بندرگاہ ترینکومالی تک پہنچنے میں کم از کم دو دن مزید لگ سکتے ہیں۔
سری لنکن بحریہ کے ترجمان کمانڈر بدھیکا سمپتھ نے بتایا کہ ایرانی بحری اہلکاروں کو کولمبو کے شمالی مضافاتی علاقے ویلیسارا میں واقع بحریہ کے کیمپ میں لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا: “رجسٹریشن کی رسمی کارروائی کے طور پر ان کا طبی معائنہ بھی کیا جائے گا۔” جمعرات کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں سری لنکا کے صدر انورا کمار دسانائیکے نے بتایا کہ جہاز آئی آر آئی این ایس بوشہر نے انجن میں خرابی کی وجہ سے سری لنکن سمندری حدود میں داخل ہونے کی اجازت طلب کی تھی۔ انہوں نے کہا: “انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرتے وقت ہم غیر جانبدار رہنا چاہتے تھے۔”
صدر کے مطابق سری لنکا کا کردار صرف اتنا تھا کہ وہ تنازع میں شامل ایک فریق کی درخواست پر انسانی بنیادوں پر ردعمل دے۔ انہوں نے کہا: “ہر جان قیمتی ہے۔” صدر نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا: “ہم دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے اور اپنی غیر جانبداری برقرار رکھیں گے۔”
صدر کے مطابق جہاز پر 208 اہلکار موجود تھے جن میں 53 افسران ، 84 کیڈٹس ، 48 سینئر ملاح اور 23 ملاح شامل تھے۔ دسانائیکے نے بتایا کہ 26 فروری کو ایران نے 9 سے 13 مارچ کے درمیان چار دن کے لیے کولمبو بندرگاہ میں داخلے کی اجازت مانگی تھی جسے اس نے “خیرسگالی دورہ” قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا: “خیرسگالی دورے کے لیے یہ مناسب طریقہ نہیں تھا۔ ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔ 27 فروری کو ہمیں بتایا گیا کہ ایک ملاح پھسل کر گر گیا ہے اور اسے ساحل پر لانے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔”
صدر کے مطابق “آئی آر آئی ایس دینا” نامی ایرانی جنگی جہاز — جو امریکی حملے کا نشانہ بننے والا پہلا جہاز تھا پر حملے کے بعد دوسرے ایرانی جہاز نے 4 اور 5 مارچ کو کولمبو بندرگاہ پر رکنے کی اجازت طلب کی۔ ادھر گالے کے اسپتال کے حکام نے بتایا کہ کرپیٹیا اسپتال کے مردہ خانے کی گنجائش امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے 90 سے زائد ایرانی ملاحوں کی لاشیں رکھنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ سرکاری فیصلہ آنے تک لاشوں کو عارضی طور پر برف اور بُرادے میں لپیٹ کر محفوظ رکھا جا رہا ہے۔
بدھ کو سری لنکا نے بتایا تھا کہ امریکی آبدوز کے حملے میں گالے کے قریب سمندر میں ڈوبنے والے ایرانی جنگی جہاز “آئی آر آئی ایس دینا” سے 84 ایرانی ملاحوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ یہ جہاز بھارت کے وشاکھاپٹنم میں ہونے والی بحری بیڑے کی جائزہ مشق میں شرکت کے بعد اپنے ملک واپس جا رہا تھا۔ واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری سے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ حملے شروع کیے ہیں۔ ایران کی جوابی کارروائی کے بعد یہ تنازع اب تقریباً پورے خلیجی خطے تک پھیل چکا ہے۔