سری لنکا:جماعت اسلامی ہند نے کیا انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورکنگ میٹ 2025 کا انعقاد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
سری لنکا:جماعت اسلامی ہند نے کیا انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورکنگ میٹ 2025 کا انعقاد
سری لنکا:جماعت اسلامی ہند نے کیا انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورکنگ میٹ 2025 کا انعقاد

 



کولمبو، سری لنکا : رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گالاداری ہوٹل، کولمبو میں انٹرنیشنل بزنس نیٹ ورکنگ میٹ 2025 کو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا، جس میں ہندوستان، سری لنکا اور ملیشیا کے ممتاز تاجروں اور ماہرین نے شرکت کی۔واضح ہوکہ رفاہ جماعت اسلامی ہند کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو جماعت کے دفتر سے ہی آپریٹ ہوتا ہے۔

یہ دو روزہ اجلاس تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور بین الاقوامی کاروباری اشتراک کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔ تقریب کا افتتاح حنیف یوسف، گورنر مغربی صوبہ، سری لنکا نے کیا، جنہوں نے رفاہ کی کاروباری برادریوں کو جوڑنے اور اخلاقی کاروبار کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔

رفاس جبار، چیئرمین، لنکا بزنس الائنس نے تمام معزز مہمانوں اور مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں تعاون دیا۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے B2B نیٹ ورکنگ سیشنز، مارکیٹ مواقع پر مباحثے، اور تجارتی سہولت و کاروباری آسانیوں پر پریزنٹیشنز میں حصہ لیا۔

افضل بیگ، جنرل سکریٹری رفاہ، نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر کا وژن بین الاقوامی کاروباری روابط کو وسعت دینا اور سرحد پار اشتراکات کو فروغ دینا ہے۔ متعدد سرکاری و صنعتی نمائندوں نے بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

رفاہ نے اپنے معزز مہمانوں کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کیں، جن میں شامل تھے: حنیف یوسف (گورنر مغربی صوبہ)، سدات جے جے سیکرا (ڈپٹی ڈائریکٹر، انویسٹمنٹ پروموشن ڈیپارٹمنٹ)، اقتر حسین (ماہر بین الاقوامی تجارت و کسٹمز امور) اور میجر جنرل (ر) سمتھا وکرماسینا (سیکریٹری جنرل، سیلون نیشنل چیمبر آف انڈسٹریز)۔

تقریبِ اعزاز کی نظامت مسٹر افضل بیگ (جنرل سکریٹری، رفاہ)، مسٹر انیس محمد (سربراہ، بین الاقوامی شعبہ، رفاہ)، ڈاکٹر عبدالقادر (ماہر تعلیم) اور مسٹر یونس سیّت (صدر، رفاہ تمل ناڈو چیپٹر) نے کی۔ لنکا بزنس الائنس کے اشتراک سے منعقدہ یہ اجلاس ہندوستان–سری لنکا کاروباری تعاون کو گہرا کرنے، مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرنے اور پائیدار و اخلاقی عالمی تجارت کے لیے پرعزم کاروباری برادری کو فروغ دینے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا۔