دبئی: ثقافت اور سماجی یکجہتی کی شاندار مثال پیش کرتے ہوئے دبئی کے ایک بازار میں مصالحوں سے بنی ایک ایسی دلکش رنگولی بنائی گئی، جسے خلیجی ممالک کی ’سب سے بڑی رنگولی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ رنگولی 8 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک واٹر فرنٹ مارکیٹ میں عوام کے لیے نمائش پر رکھی گئی ہے۔
چھ میٹر لمبی اور چھ میٹر چوڑی اس عظیم رنگولی کو دالچینی، ہلدی، مرچ، دھنیا اور لونگ سمیت مختلف اقسام کے 60 کلوگرام سے زائد مصالحوں سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ تمام مصالحے اسی واٹر فرنٹ مارکیٹ سے حاصل کیے گئے تھے۔ یہ منفرد فن پارہ بازار کے احاطے کو خوش رنگ اور خوشبودار بنا رہا ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ (DFRE) کے تحت شہر بھر میں جاری دیوالی تقریبات کے ایک خاص پروگرام میں کیا گیا۔
اس تقریب میں ہندوستان کے قونصل خانہ کے قونصل (پاسپورٹ) سنیل کمار اور DFRE کے نمائندے شریک ہوئے۔ منتظمین نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے یکجہتی، ثقافت اور سماجی ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا۔