جناح کے مجسمے سے ایک بار پھر عینک چوری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2021
جناح کے مجسمے سے  ایک بار پھر عینک چوری
جناح کے مجسمے سے ایک بار پھر عینک چوری

 

 

وہاڑی : پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں نصب بانی پاکستان محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کر لی گئی۔

وہاڑی کی ضلعی انتظامیہ سے منسوب ٹویٹس میں بتایا گیا ہے کہ محمد علی جناح کا مجسمہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب ہے جہاں اس پر لگائی گئی عینک نامعلوم چور لے اڑے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع شیئر کرنے والوں کا دعوی ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چور یا چوروں کی نشاندہی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 پنجاب حکومت کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قائد اعظم کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظم جیسی عظیم ہستی کے مجسمے سے عینک چوری کرنا انتہائی افسوس ناک فعل ہے۔پنجاب وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ قائد اعظم کے مجسمے پر فوری طور پر عینک لگائی جائے۔

 وہاڑی پولیس کے ترجمان مبین کا کہنا تھا کہ وہ چیک کر لیتے ہیں کہ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے یا نہیں اور اگر ہوا ہے تو اس سلسلے میں کیا کارروائی ہوئی ہے۔

البتہ سوشل ٹائم لائنز پر پولیس سے منسوب جملوں میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب پیش آنے والے واقعہ میں ملوث فرد/افراد کی نشاندہی کے لیے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ مختلف صارفین نے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایسا ہونے پر حیرت کا اظہار کیا۔