اسپین نے مغربی ایشیا میں امریکی کارروائیوں میں تعاون کرنے سے انکار کیا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-03-2026
اسپین نے مغربی ایشیا میں امریکی کارروائیوں میں تعاون کرنے سے انکار کیا
اسپین نے مغربی ایشیا میں امریکی کارروائیوں میں تعاون کرنے سے انکار کیا

 



میڈرڈ
ایران جنگ کے معاملے پر امریکہ اور اسپین کے درمیان سفارتی کشیدگی بدھ کے روز مزید بڑھ گئی، جب دونوں ممالک کی حکومتوں نے مغربی ایشیا میں امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے اسپین کے فوجی اڈوں کے ممکنہ استعمال کے بارے میں ایک دوسرے سے متضاد بیانات دیے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا کہ اسپین کی حکومت نے امریکہ کی مدد کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ لیکن کچھ ہی دیر بعد اسپین کے وزیر خارجہ خوسے مانوئل الباریس نے اس دعوے کی تردید کر دی۔
الباریس نے اسپین کے ریڈیو اسٹیشن “کادینا سیر” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا كہ میں وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے بیان کی تردید کر سکتا ہوں۔ مغربی ایشیا کی جنگ، ایران پر بمباری اور ہمارے فوجی اڈوں کے استعمال کے معاملے میں اسپین کی حکومت کے مؤقف میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
یہ اختلاف منگل کو اس وقت سامنے آیا تھا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپین کے ساتھ تجارت ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس سے چند گھنٹے پہلے اسپین کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ان کی حکومت “دنیا کے لیے نقصان دہ کسی بھی کام میں شریک نہیں ہوگی۔
الباریس نے بدھ کی شام میڈرڈ میں یہ بیان اس وقت دیا جب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا تھا كہ اسپین کے حوالے سے میرا خیال ہے کہ انہوں نے کل صدر کا پیغام واضح طور پر سن لیا ہے۔
لیویٹ نے مزید کہا كہ گزشتہ چند گھنٹوں میں انہوں نے امریکی فوج کے ساتھ تعاون کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اسی لیے مجھے معلوم ہے کہ امریکی فوج اسپین میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی قائم کر رہی ہے۔