جنوبی افریقہ: فائرنگ سے 10 افراد کی موت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-12-2025
جنوبی افریقہ:  فائرنگ سے 10 افراد کی موت
جنوبی افریقہ: فائرنگ سے 10 افراد کی موت

 



 جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز جوہانسبرگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ شہر کے مغرب میں واقع بیگرسڈال ٹاؤن شپ میں پیش آیا جہاں اچانک فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حملے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے پیچھے کارفرما محرکات ابھی تک سامنے نہیں آ سکے اور تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے بیان کے مطابق حملہ آوروں نے سڑکوں پر موجود افراد کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ گاؤٹینگ صوبے کی پولیس ترجمان بریگیڈیئر برینڈا موریڈیلی نے بتایا کہ تاحال متاثرین کی مکمل شناخت نہیں ہو سکی تاہم ہلاکتوں کی تعداد 10 ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ اس علاقے میں ہوئی جہاں ایک غیر قانونی شراب کی دکان قائم تھی جس پہلو کو بھی تفتیش میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ رواں ماہ جنوبی افریقہ میں پیش آنے والا دوسرا بڑا فائرنگ کا سانحہ ہے۔

اس سے قبل 6 دسمبر کو پرٹوریا کے قریب ایک ہسپتال میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک تین سالہ بچے سمیت 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جنوبی افریقہ جہاں آبادی ساڑھے چھ کروڑ کے قریب ہے دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں جرائم اور قتل کی شرح نہایت بلند ہے۔