کٹھمنڈو: بالی ووڈ کے معروف اداکار سونو سود نے منگل کے روز نیپال کے تریشولی بازار کا دورہ کیا جو تباہ کن سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے۔سونو سود نے علاقے کا دورہ کرکے زمینی صورت حال کا جائزہ لیا اور حالات کو سمجھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کئی مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے تجربات کے بارے میں بات کی۔ اداکار نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مشکلات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔
خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے دبنگ اداکار نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کیا اور مشکل وقت میں پڑوسی ملک نیپال کی مدد کے لیے ہندوستانی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ میری امید ہے کہ ہم سب نیپال کے لوگوں کے لیے کچھ نہ کچھ امداد فراہم کرسکیں گے تاکہ نیپال دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہوسکے۔ مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے غیر معمولی کام کیا ہے۔ میں اپنے وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ نیپال کے لیے جس طرح کی مدد فراہم کی گئی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ ہمیں یہ امداد مسلسل بھیجتے رہنا چاہیے کیونکہ انہیں اس کی ضرورت ہے۔ جب میں یہاں زمین پر آتا ہوں اور متاثرہ خاندانوں سے ملتا ہوں تو مجھے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ چند ہفتوں یا چند ماہ میں حل ہونے والا نہیں ہے۔ ہمیں مسلسل مدد اور تعاون جاری رکھنا ہوگا۔ میرے خیال میں یہی وہ طریقہ ہے جس سے ہم انہیں دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف واپس لا سکتے ہیں۔
سیلاب کے باعث نیپال میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ نیپال پولیس کے مطابق بدھ کے روز سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1127 ہوگئی۔نیپال پولیس کے مطابق راسووا سے 45 لاشیں اور نواکوٹ سے 155 اور دھادنگ سے 59 اور چتوان سے 348 اور گورکھا سے 66 اور تناہون سے 38 اور نوال پرسی مشرق سے 217 اور نوال پرسی مغرب سے 190 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ہندوستان میں 9 لاشیں ملی ہیں۔
نیپال پولیس کے مطابق برآمد کی گئی لاشوں میں سے اب تک صرف 95 لاشوں کی شناخت کے بعد انہیں اہل خانہ کے حوالے کیا جاسکا ہے۔اس سے قبل نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ نے فیس بک پر ایک بیان میں کہا تھا کہ سیلاب میں جان گنوانے والے افراد اور جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ان کی لاشوں کو قانون کے مطابق اور سائنسی طریقہ کار کے تحت محفوظ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صرف ان لاشوں کا انتظام کر رہی ہے جن کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے جبکہ ان کی شناخت میں مدد دینے والے ڈی این اے نمونے اور دیگر شواہد محفوظ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاشوں کے انتظام میں نیپالی فوج اور نیپال پولیس اور مسلح پولیس فورس نیپال کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ جن لاشوں کی شناخت ہوچکی ہے انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا نیپال کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ تباہ کن بھوٹے کوشی دریا کے اچانک آنے والے سیلاب کے بعد اہم پن بجلی تنصیبات پر نیپالی فوج کے ساتھ ہندوستان اور چین کی خصوصی بین الاقوامی سرنگ بچاؤ ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔